مقبوضہ بیت المقدس/غزہ (اے این این)اسرائیل کے عبرانی ریڈیو نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ جنرل جوزف فوٹیل نے اسرائیل کا خفیہ دورہ کیا اور اعلیٰ عسکری حکام سے ملاقاتیں کی ہیں۔عبرانی ریڈیو کے مطابق امریکی جنرل گزشتہ روز اسرائیل پہنچے جہاں انہوں نے اسرائیلی فوجی حکام سے ملاقات کی۔امریکی فوج کے سینئرعہدیدار کا یہ دورہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب حال ہی میں امریکی صدر نے شام سے اپنی فوجیں واپس بلانے کا اعلان کیا تھا۔ریڈیو کے مطابق جنرل فوٹیل نے اسرائیلی آرمی چیف جنرل گیڈی آئزن کوٹ، قومی سلامتی کے مشیر مائیربن شبات اور دیگر حکام سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ رپورٹ کے مطابق ملاقات میں اسرائیلی حکام نے شام سے امریکی فوج کے انخلا کے فیصلے پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کیا۔ اسرائیلی عسکری قیادت نے کہا کہ شام سے امریکی فوج کے انخلا سے ایران کو اپنی سرگرمیوں میں اضافے کا موقع ملے گا۔اسرائیلی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ کا اپنی نوعیت کا یہ پہلا دورہ اسرائیل ہے۔ادھر حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے کہا ہے کہ ان کی جماعت فلسطینی سائنسدان ڈاکٹر فادی البطش کے مجرمانہ قتل کی تحقیقات کیلئے ہرممکن اقدام کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر البطش کے قاتل سزا سے بچ نہیں سکیں گے۔ انہیں عبرت ناک سزا مل کر رہے گی۔ فلسطینی میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اسماعیل ھنیہ نے کہا کہ وہ وقت زیادہ دور نہیں جب مجرم ہمارے ہاتھ میں ہوں گے۔ انہیں فادی البطش کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب دینا ہوگا۔اسماعیل ھنیہ نے ڈاکٹر فادی البطش کے قتل میں اسرائیل اور اس کے خفیہ ادارے موساد کے ملوث ہونے کے بیان کا اعادہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملائیشیا میں اکیس اپریل کو فلسطینی نوجوان سائنسدان کے قتل میں اسرائیل کے سوا اور کوئی ملوث نہیں ہوسکتا۔ اسماعیل ھنیہ نے کہا کہ ڈاکٹر البطش نہ صرف ایک سائنسدان تھے بلکہ وہ فلسطین کے سفیر تھے۔اسماعیل ھنیہ نے شہید ڈاکٹر فادی البطش کے اہل خانہ سے تعزیت کی اور کہا کہ دکھ کے اس لمحے میں حماس کی پوری قیادت اور پوری قوم ان کے ساتھ ہے۔ اسرائیل کی ایک فوجی عدالت نے زیرحراست فلسطینی شہری کو 17 سال قید با مشقت اور 60 ہزار شیکل جرمانہ کی سزا سنائی ہے۔ فلسطینی میڈیا رپورٹس کے مطابق سزا پانے والے فلسطینی نوجوان محمد فھیم الشلالدہ کا تعلق غرب اردن کے جنوبی شہر الخلیل کے شمالی قصبے سعیر سے ہے۔ اسیر شلالدہ نوجوان نے دو سال قبل بیت امر کے مقام پر اپنی گاڑی تلے اسرائیلی فوجیوں کو کچلنے کا الزام ہے۔
فلسطین
امریکی سنٹرل کمانڈ کے سربراہ کا خفیہ دورہ اسرائیل، عسکری حکام سے ملاقاتیں
Apr 26, 2018