لائن آف کنٹرول: بھارتی فوج کی سول آبادی پربلا اشتعال فائرنگ، دو پاکستانی شہری شہید

بھارتی فورسز کی جانب سے آزاد جموں اور کشمیر کے ضلع بھمبر میں لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک جبکہ ایک خاتون اور ان کا جواں سالہ بیٹا زخمی ہوگیا۔ڈپٹی کمشنر ضلع بھمبر چوہدری گفتار کا کہنا تھا کہ چامب سیکٹر میں بھارت کی جانب سے صبح 6 بجے سے شیلنگ کی جارہی ہے اور ابتدائی رپورٹس کے مطابق 2 شہری ہلاک اور 2 زخمی ہوئے ہیں،پاک فوج نئے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا ہے اور جوابی کارروائی میں بھارت کی ان سرحدی چوکیوں کو نشانہ بنایا ہے جہاں سے پاکستانی علاقے میں گولہ باری کی جا رہی تھی۔جوابی کارروائی کے بعد دشمن کی گنیں خاموش ہو گئیں ۔چممب سیکٹر، بھمبر ضلع کے برنالا تحصیل میں واقع ہے جو آزاد جموں و کشمیر کا جنوبی علاقہ ہے۔ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ متاثرہ علاقے میں موبائل فون کی سہولت دستیاب نہیں ہے جس کی وجہ سے نقصان کی معلومات حاصل کرنے میں دشواری کا سامنا ہے اور اس حوالے سے ٹھوس اطلاعات فائرنگ کے رکنے کے بعد وہاں کا دورہ کرکے ہی مل سکیں گی۔برنالا میں مقیم ریوینیو ڈپارٹمنٹ کی ملازم سیماب عالم نے بتایا کہ مقتولان کی شناخت رفیق ولد محمد شریف اور وزیر ولد اللہ رکھا ساکن وٹالہ گاو¿ں کے نام سے ہوئی ہے ۔بھارتی گولیوں سے زخمی ہونے والوں کی شناخت جنت بی بی اور محمد عثمان کے نام سے کی گئی جنھیں ابتدائی طور پر تحصیل ہسپتال برنالا منتقل کیا جہاں سے جنت بی بی کے بیٹے عثمان کو حالت تشوشناک ہونے پر ڈسٹرکٹ ہسپتال بھمبر منتقل کر دیا گیا ۔آزاد جموں و کشمیر کے وزیر منصوبہ بندی و ترقی وقار احمد نور جو اس ہی وقت برنالا سے واپس آئے تھے، نے بھارتی فوج کی جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی مذمت کی جس میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا گیا۔انہوں نے برنالا کے تحصیل ہسپتال میں میڈیاکو بتایا کہ بھارتی حکومت لائن آف کنٹرول پر کشیدگی بڑھا کر وہاں اپنی سیاسی ضروریات کو پورا کرنا چاہتی ہے۔دریں اثناءپاک فوج نے کنٹرول لائن پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے دو افراد کی شہادت کی تصدیق کی ہے ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر گاں براملہ میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے خود کار ہتھیاروں کی مدد سے شہری آبادی کو نشانہ بنایا، بھارتی فوج نے مارٹرز اور اینٹی ٹینک گائیڈڈ میزائل کا استعمال بھی کیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بھارتی فوج کی فائرنگ سے دو پاکستانی شہری شہید اور دو زخمی ہوئے۔واضح رہے کہ ایل او سی پر جنگ بندی کے لیے 2003 میں پاکستان اور بھارتی افواج کی جانب سے ایک معاہدے پر دستخط کیے گئے تھے تاہم اس کے باوجود جنگ بندی کی خلاف ورزی کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی کے مطابق رواں سال بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ سے اموات کی تعداد 20 ہوگئی ہے جبکہ 119 افراد زخمی ہوئے۔2017 میں 46 شہریوں کو ہلاک کیا گیا تھا اور 262 افراد زخمی ہوئے تھے جبکہ 2016 میں اموات اور زخمیوں کی تعداد بالترتیب 41 اور 142 تھی.

ای پیپر دی نیشن