راولپنڈی(جنرل رپورٹر) ملک پر مشکل وقت ہے،مہنگائی،بے روز گاری نے قوم کی کمر توڑ دی ہے،موجودہ حالات میں ملک کو ایک بار پھر نواز شریف کی ضرورت ہے،موجودہ حکمرانوں نے ملک کو کرکٹ گرائونڈ بنا دیا ہے ،کھیل کی کپتانی اور ملک کی حکمرانی میں بہت فرق ہوتا ہے ۔ان خیالات کا اظہارضلعی صدر ملک اسرارالحق ایڈوکیٹ نے گزشتہ روز مسلم لیگ لائرز ونگ کی طرف سے مسلم لیگ (ن) کے قائد سابق وزیراعظم محمدنواز شریف کی جلد صحتیابی کیلئے ضلع کچہری راولپنڈی جوڈیشل کمپلیکس میں تقریب کے دوران کیا ،تقریب میں مسلم لیگ لائرز ونگ کے ضلعی ایڈیشنل جنرل سیکریٹری راجہ بشارت محمود ایڈوکیٹ کی طرف سے شریف کی جلد صحتیابی کیلئے جوڈیشل کمپلیکس کے احاطہ میں2 کالے بکروں کا صدقہ دیا گیا،محمدنواز شریف سے اظہار یکجہتی کیلئے مسلم لیگ لائرز ونگ کے مرکزی سیکریٹری جنرل ارشد خان جدون،مرکزی نائب صدرسردار منظر بشیر ،صوبائی سینئر نائب صدر ملک صدیق اعوان،ظہیر قادری،امتیاز کیانی،نوید قریشی،شیخ اسد اصغر،چوہدری وقار،صباحت ملک،شائستہ تھہیم،کنزاصادق،کلثوم اختراورجویریہ امبرین سمیت خواتین وکلاء کی کثیر تعدادنے شرکت کی، ضلعی رہنما راجہ بشارت محمود ایڈوکیٹ نے گذشتہ روز سابق وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف ، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور کپٹن صفدر کی لمبی عمر کے لیے دعا کرائی ،مسلم لیگ لائرز ونگ کے مرکزی سیکریٹری جنرل ارشد خان جدون نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف واحد لیڈر ہیں جنہوں نے مشکل سے مشکل حالات میں بھی پاکستان کو نہیں چھوڑا وہ چاہتے تو بیرون ملک بیٹھ کر خوش گوار زندگی گزار سکتے تھے لیکن پاکستانی عوام کی محبت انہیں کھینچ کر پاکستان لائی ،اس وقت پی ٹی آئی کے پاس کوئی ایجنڈ نہیں ہے وہ تمام ان پراجیکٹس پر کام کررہے ہیں جو میاں نواز شریف نے شروع کیے تھے ،صوبائی سینیئر نائب صدر ملک صدیق اعوان کا کہنا تھا کہ انشاء اللہ نواز شریف اور ان کی مکمل فیملی کرپشن کے تمام کیسوں سے باعزت بری ہوجائیں گے۔