انکم سپورٹ لیوی ٹیکس‘ نوٹسز قانونی قرار‘ حمزہ سمیت 149 درخواستیں مسترد

Apr 26, 2019

لاہور (وقائع نگار خصوصی)لاہور ہائی کورٹ نے ان لینڈ ریونیو کے انکم سپورٹ لیوی ٹیکس کے نوٹسز قانونی قرار دیتے ہوئے حمزہ شہباز سمیت 149 درخواست گزاروں کی درخواستیں مسترد کر دیں۔ لاہور ہائی کورٹ نے درخواستوں پر محفوظ فیصلہ سنا دیا۔ حمزہ شہباز شریف سمیت 149 درخواست گزاروں نے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کیا۔ درخواست گزاروں کی جانب سے انکم سپورٹ لیوی ٹیکس چیلنج کیا گیا۔ درخواستوں میں وفاقی وزارت قانون، وزارت مذہبی امور اور ایف بی آر کو فریق بنایا گیا ہے۔ حمزہ شہباز شریف کا موقف تھا کہ درخواست گزار ایک رجسٹرڈ ٹیکس پیئر ہے اور فقہ کے مطابق زکوٰۃ بھی ادا کرتا ہے۔ درخواست گزار نے ہمیشہ قانونی طور پر ٹیکس ادا کیا اور کبھی ڈیفالٹ نہیں کیا۔ دیگر درخواست گزاروں کا موقف تھا کہ18ویں آئینی ترمیم کے تحت سوشل ویلفیئر صوبائی معاملہ ہے۔ ان لینڈ ریونیو کی جانب سے انکم سپورٹ لیوی کی وصولی کالعدم قرار دی جائے۔ فاضل عدالت نے درخواستیں مسترد کر دیں۔

مزیدخبریں