اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) ترجمان دفتر خارجہ نے واضح کیا ہے کہ امریکی سفارتخانے میں کوئی فائرنگ رینج نہیں بن رہی ہے۔ عافیہ صدیقی کے معاملے پر امریکی حکام سے رابطے میں ہیں، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے، عالمی برادری کشمیر میں ظلم و ستم بند کرانے کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالے، پاک ایران مشترکہ اعلامیے میں کشمیر کا ذکر بہت بڑی کامیابی ہے۔ جمعرات کو ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت جاری ہے اور تازہ کارروائیوں میں قابض بھارتی فوج نے دو نہتے کشمیریوں کو شہید کیا۔ کشمیری رہنما یاسین ملک کی حراست کی مذمت کرتے ہیں، ان کی اہلیہ مشال ملک اپنے شوہر یاسین ملک سے ملنا چاہتی ہیں، امید ہے بھارت مشال ملک کو ویزا دے گا۔ بھارت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ مقبوضہ کشمیر میں ریاستی ظلم و ستم روکا جائے۔ وزیراعظم عمران خان کا سری لنکن ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا، وزیراعظم نے انسداد دہشت گردی کیلئے پاکستان کی خدمات کی پیشکش کی تاہم سری لنکن حکام کی طرف سے فرانزک ماہرین کو بھجوانے کے حوالے سے ابھی تک باضابطہ درخواست نہیں دی گئی۔ سری لنکا میں پاکستانی محفوظ ہیں، دھماکوں میں 3 خواتین زخمی ہوئیں۔ ایران میں وزیراعظم کے بیان کے معاملے پر وضاحت آ چکی ہے۔ وزیراعظم نے غیر ریاستی عناصر کی بات کی تھی۔ پاکستان کے خلاف ایران اور افغانستان کی سرزمین استعمال ہوئی۔ ترجمان نے کہا کہ امریکی سفارتخانے میں کوئی فائرنگ رینج نہیں بن رہی۔ سری لنکا میں دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کرتے ہیں۔ ایران اور پاکستان نے مشترکہ طور پر مقبوضہ کشمیر کے مسئلے کے حل کی بات کی۔ عالمی رہنماؤں اور چینی قیادت سے وزیراعظم کی ملاقاتیں متوقع ہیں۔ وسیع پیمانے پر چین میں ملاقاتیں ہونگی۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ عافیہ صدیقی کی واپسی اور ڈاکٹر شکیل آفریدی سے متعلق پاکستان کے مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی اس حوالے سے غیر ذمہ دارانہ رپورٹنگ کی گئی اور میرے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر چلایا گیا۔ ترجمان نے کہا کہ عافیہ صدیقی کے معاملے پر امریکی حکام سے رابطے میں ہیں اور 18 اپریل کو عافیہ صدیقی سے پاکستانی قونصل جنرل نے جیل میں ملاقات کی۔ انکی واپسی کیلئے اقدامات جاری ہیں۔ ایران پاکستان گیس پائپ لائن کی تکمیل کے لیے پرعزم ہیں۔ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ سعودی عرب میں پاکستانیوں کی رہائی کے لیے کام ہو رہا ہے، اس حوالے سے جلد اچھی خبر ملے گی۔ یہ افسوسناک ہے کہ سری لنکا میں دہشتگردی پر بھارتی میڈیا پاکستان مخالف پروپیگنڈا کر رہا ہے۔ ایران میں وزیراعظم کے بیان پر ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ اس معاملے پر وضاحت آ چکی ہے کہ عمران خان نے ’نان سٹیٹ ایکٹرز‘ کی بات کی تھی۔ اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ کلبھوشن یادیو ایران سے ملحقہ پاکستانی سرزمین سے گرفتار ہوا‘ اور وزیراعظم عمران خان نے بیرونی مدد سے غیرملکی عناصر کی پاکستانی زمین استعمال کرنے پر بات کی تھی۔ وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین کے بارے میں ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ان کا دورہ بیجنگ انتہائی اہم اور دلچسپ ہو گا جہاں وہ چینی قیادت سمیت عالمی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ترجمان نے بتایا کہ مسعود اظہر بارے فیصلہ قومی مفادات میں ہو گا۔ قیدیوں کی رہائی کے معاملے پر بھارت کی طرف سے ابھی تک مثبت جواب نہیں دیا گیا۔ پاک ایران بارڈر کمیشن کا اجلاس اگلے ماہ اسلام آباد میں ہو گا۔ ایران میں پاکستان کے وزیراعظم کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔ بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ سلوک پر تشویش ہے اور اپنی تشویش کا گاہے بگاہے اظہار کرتے ہیں۔ کرتار پور پر آئندہ اجلاس بھارت کہے گا تو بلایا جائے گا۔ طرابلس میں بسنے والے پاکستانی محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔ پاکستانی شہری لڑائی والے علاقوں میں جانے سے اجتناب کریں۔ بیرون ممالک بسنے والے پاکستانی آج کل لیبیا جانے کا پروگرام ملتوی کر دیں۔