اسلام آباد (نیوزرپورٹر+نوائے وقت رپورٹ) شیخ رشید نے منسٹر کالونی میں سابق وزیر خزانہ اسد عمر سے ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق وزیر ریلوے نے اسد عمر کو کابینہ میں واپس آنے کی درخواست کی۔ ایک گھنٹے کی ملاقات میں اسد عمر نے اپنے تحفظات بھی ظاہر کئے۔ شیخ رشید نے کہا کہ میری بات پر غور کریں آپ بہت قابل عزت ہیں، ورنہ میں آپ کے ماننے تک آتا رہوں گا۔ اسد عمر نے کہا کہ شیخ صاحب آپ جب مرضی آئیں، اللہ بہتر کرے گا۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کو فردوس صاحب کہہ گئے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر ریلوے شیخ رشید نے مزید کہا کہ بلاول آج کل چڑچڑا بنا ہوا ہے۔ اس نے چیکو جیسی شکل بنائی ہوئی ہے۔ انہوں نے اسد عمر کو دوبارہ عمران خان کا بازو بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسد عمر سے پرانا تعلق نہیں‘ لیکن وہ ایک محنتی آدمی ہیں۔ میری کوشش ہے کہ اسد عمر کو دوبارہ عمران خان کا بازو بنادیں۔ وزیر ریلوے کا مزید کہنا ہے کہ تمام چوروں اور ڈاکوئوں کا ایک ہی ایجنڈا ہے کہ اسمبلی اور عمران خان کو چلنے نہیں دیںگے۔ قومی اسمبلی میں جوڈو کراٹے کا ماحول ہے۔ صاحب اور صاحبہ کی لڑائی پٹڑی سے اتر گئی ہے۔ مجھے ڈر ہے کہ کہیں یہ لڑائی بڑھ نہ جائے۔
کابینہ میں واپس آئیں، شیخ رشید کی اسد عمر سے ملاقات، فردوس عاشق کو صاحب کہہ دیا
Apr 26, 2019