مقبوضہ کشمیر: 2 کشمیر شہید، یاسین ملک کا 24 مئی تک ریمانڈ، علی گیلانی کا نواسہ این آئی اے طلب

Apr 26, 2019

سری نگر(آن لائن+ نیٹ نیوز)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی درندگی بدستور جاری ہے،حالیہ کاروائی میں مزید 2نوجوانوں کو شہید کر دیا گیا ہے ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جمعرات کے روز الصبح ضلع اننت ناگ میں بھارتی فورسز کی فائرنگ سے مزید 2 کشمیری نوجوان شہید ہوگئے، گھرگھرتلاشی کی آڑمیں بھارتی فورسزکشمیریوں کو ہراساں کرنے میں بھی مصروف عمل ہے۔دوسری جانب شہادت کے بعد وادی بھرمیں مظاہرین کا احتجاج جاری رہا جبکہ انٹرنیٹ موبائل فون سروس معطل کردی گئی ہے۔ کشمیری میڈیا کے مطابق قابض بھارتی فوج نے علاقے کو اب بھی گھیرے میں لے رکھا ہے جہاں گھر گھر تلاشی کا عمل جاری ہے۔ ادھر بھارتی تحقیقاتی ادارے کے حریت رہنما یاسین ملک پر دبائو بڑھانے کی کوششیں جاری ہیں۔ نئی دہلی کی عدالت نے حریت رہنما یاسین ملک کو 24 مئی تک عدالتی تحویل میں دیدیا۔ کشمیری میڈیا کا کہنا ہے کہ بھارتی تحقیقاتی ادارے کے زیرحراست یاسین ملک کی حالت تشویشناک ہے۔ انہیں جموں کی جیل سے نئی دہلی کی تہاڑ جیل منتقل کیا گیا تھا۔ دوسری جانب بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے نے بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی کے نواسے انیس الاسلام کو پوچھ گچھ کیلئے 29 اپریل کو نئی دہلی طلب کر لیا ہے۔ واضح رہے کہ انیس الاسلام کے والد اور سید علی گیلانی کے داماد الطاف احمد شاہ بھی نئی دہلی کی جیل میں قید ہیں۔

مزیدخبریں