امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ اگر ڈیموکریٹس کی اکثریت والے ایوانِ نمائندگان نے ان کا مواخذہ کرنے کی کوئی کوشش کی تو وہ یہ معاملہ سپریم کورٹ لے جائیں گے۔ اپنے ایک ٹویٹ میں صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ انہوں نے بہت بڑا جرم تو دور کی بات کسی معمولی جرم کا ارتکاب بھی نہیں کیا ہے۔دو ٹویٹس پر مشتمل اپنے پیغام میں صدر نے کہا ہے کہ رابرٹ ملر کی رپورٹ ان سے نفرت کرنے والوں اور برہم ڈیموکریٹس نے لکھی جنہوں لامحدود وسائل حاصل تھے۔ لیکن اس کے باوجود وہ ان کے خلاف کچھ ثابت کرنے میں ناکام رہے۔انہوں نے کہا کہ اگر اس کے باوجود ڈیموکریٹس نے کبھی بھی ان کے خلاف مواخذے کی کارروائی شروع کرنے کی کوشش کی تو وہ سیدھا سپریم کورٹ جائیں گے۔صدر کے اس بیان نے قانونی حلقوں میں بحث چھیڑ دی ہے کہ آیا سپریم کورٹ امریکی صدر کے خلاف کانگریس کی جانب سے کی جانے والی مواخذے کی کارروائی میں مداخلت کرسکتی ہے یا نہیں۔
مواخذے کی کوشش ہوئی تو سپریم کورٹ جاﺅں گا: ڈونلڈ ٹرمپ
Apr 26, 2019 | 19:40