حاجی پورشریف(نمائندہ نوائے وقت) ٹاؤن کمیٹی حاجی پورشریف کی شہری آبادی کم و بیش 60ہزار سے زائد نفوس پر مشتمل ہے اور اسکی حدود و گردونواح میں لاکھوں کی آبادی ہے جو پینے کے پاک صاف میٹھے پانی کی فراہمی سے محروم ہے اورستم بالائے ستم ہر دور میں لاکھوں کروڑوں روپے کے فنڈز فائلوں کی نذر تو کردیئے گئے مگر عوام کو تاحال اس حوالے سے کوئی ریلیف نہ مل سکا۔ اب واٹر فلٹریشن کا کوئی تصور ہی نہیں ہے اور سیاست کی نظر ہوچکی ہے۔ 2016 میں پبلک ہیلتھ اینڈ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ راجن پور/جام پور کی طرف سے کم و بیش چار کروڑ روپے کی میراں پور کے قریب داجل کینال پر سولر واٹر سپلائی اسکیم کیوں بنائی گئی جس کا کئی مرتبہ ایم این اے ، ایم پی اے صاحبان نے افتتاح بھی کیا مگر بدقسمتی سے پانی تاحال نہ مل سکااب صورتحال یہ ہے کہ یہاں کے مکین 20سے 40روپے فی کین مضر صحت پانی بھروانے پر مجبور ہیں جس کے سبب 70 فیصد آبادی بچے ‘ بوڑھے ‘ جوان، مردو خواتین، پیٹ، معدہ،گردے،یرقان اور دیگر امراض کیساتھ ساتھ نامعلوم کتنی بیماریوں کا شکار ہوچکے ہیں۔
حاجی پور شریف کے عوام پینے کے صاف پانی سے محروم‘ کروڑوں کے فنڈز فائلوں کی نذر
Apr 26, 2020