حیدرآباد (پ ر) حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کی ایگزیکٹیو کمیٹی کا ماہانہ اجلاس صدر دولت رام لوہانہ کی زیر صدارت کانفرنس ہال میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا کہ حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کی بیماری کی شدت اور روز بروز اضافے کے سبب لاک ڈائون پر عملدرآمد کے اقدام پر بزنس کمیونٹی بھرپور تعاون کرے گی اور جس کاروبار میں لاک ڈائون کے درمیان نرمی کا حکم دیا گیا ہے اِن سے وابستہ دوسرے کاروباروں کو کھولنے کے لیے انتظامیہ سے گفتگو کے ذریعے معاملات حل کرائے جائیں گے۔ ایگزیکٹیو کمیٹی نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، کمشنر حیدرآباد ڈویژن محمد عباس بلوچ اور ڈپٹی کمشنر حیدرآباد فواد غفار سومرو سے مطالبہ کیا ہے کہ چھوٹے کاروباری حضرات کو ریلیف دینے کی فوری ضرورت ہے کیونکہ اُن کا لاک ڈائون میں بہت نقصان ہورہا ہے اور روزانہ کے اخراجات چلانے میں بڑی دقت کا سامنا کررہے ہیں۔ اُنہوں نے چھوٹے تاجروں اور صنعتکاروں جن کے کاروبار ایک ماہ کے عرصہ سے بند چلا آرہا ہے وہ صبر کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں اور نرمی کے ساتھ انتظامیہ کو قائل کرنے کے لیے گفت و شنید کا راستہ اپنائیں۔ تاجر حضرات غیر نمائندہ اور غیر رجسٹرڈ تنظیموں کے بہکائے میں نہ آئیں۔ صدر نے ڈائریکٹر جنرل ٹریڈ آرگنائزیشنز (ریگولیٹر)، حکومت پاکستان ، وزارتِ کامرس کی جانب سے موجودہ لاک ڈائون کے دوران صنعت و تجارت بند ہونے کی بنا پر نوٹیفیکیشن نمبر F.5(8)/2019-Admn، مورخہ 21، اپریل کے تحت چیمبر کی ممبرشپ کی تجدید کرانے کی تاریخ میں 31، مئی 2020ء تک بڑھانے کو وقت کی اہم ضرورت اور احسن اقدام قرار دیا ہے۔ مزید یہ کہ سکندر میمن جو چیمبر کے بنیادی ممبر اور ایگزیکٹیو کمیٹی کے منتخب ممبر تھے کا گذشتہ دنوں رِضائے الٰہی سے انتقالِ پُر ملال پر اُن کی جگہ ٹریڈ آرگنائیزیشنز رولز 2013ء سے حاصل اختیارات کے تحت نافذ شدہ میمورینڈم آف ایسوسی ایشن کے تحت باقی عرصہ کے لیے ایک ممبر بحیثیت ممبر ایگزیکٹیو کمیٹی میں شمولیت کی منظوری دی گئی۔ اِس موقع پر صدر نے مرحوم سکندر میمن کی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور اُن کی چیمبر کے قیام سے ہی مکمل تعاون اور اُن کی لائینز کلب کی خدمات اور اُن کی سادہ، مرنجانِ مرنج، وضعدار اور صلح جو طبیعت کو سراہا اور اُن کی مغفرت اور جنت میں اعلیٰ مقام کی دُعا کی۔
حیدرآباد چیمبر کا حکومت سے تعاون اورکاروباری طبقے کو ریلیف دلانے کا فیصلہ
Apr 26, 2020