اقوام متحدہ (شِنہوا) اقوام متحدہ کے بچوں کے فنڈ (یونیسیف) نے متنبہ کیا ہے کہ نوول کرونا وائرس کی وبا کی وجہ سے حفاظتی ویکسین کی فراہمی کی خدمات میں رکاوٹ سے لاکھوں بچوں کے خسرہ، خناق اور پولیو کے خلاف زندگی بچانے والی ویکسین سے محروم ہونے کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔ یونیسیف نے ایک پریس ریلیز میں کہا ہے کہ بیشتر ممالک نے بڑے پیمانے پر پولیو سے بچائو کے قطرے پلانے کی مہم کو معطل کردیا ہے اور 25 ممالک نے خسرہ سے بچائو کے قطرے پلانے کی مہم بھی ملتوی کردی ہے۔ موجودہ رکاوٹوں کو دیکھتے ہوئے2020 اور اس سے آگے تباہ کن وبا پھیلنے کے راستے پیدا ہو سکتے ہیں۔ یونیسف کے پرنسپل مشیر اور امیونائزیشن کے سربراہ رابن نینڈی نے کہا کہ بچوں کو ویکسین فراہم کرنے کا ہمارا جان بچانے والا کام ناگزیر ہے۔ حفاظتی ٹیکوں کی خدمات میں خلل آنے کے بعد، لاکھوں نوجوان زندگیوں کی قسمت بے یقینی کا شکار ہوگئی ہے۔