اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان نے کنسٹرکشن انڈسٹری ڈویلپمنٹ بورڈ (سی آئی ڈی بی) کی مخالفت کر دی ہے۔ وفاقی حکومت کو خط میں مجوزہ کنسٹرکشن ڈویلپمنٹ بورڈ بل کی شدید مخالفت کرتے ہوئے اسے مسترد کر دیاہے۔ خط میں پلاننگ کمیشن کو متنبہ کیا گیا ہے کہ ایسا کوئی بھی اقدام نہ اٹھایا جائے جو غیر آئینی اور غیر قانونی ہو۔ کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن (کیپ) کے بااثر کنٹریکٹر سی آئی ڈی بی کا بل منظور کرانے کے لیے متحرک ہیں، لیکن ایسے کنسٹرکشن بورڈ کی تشکیل غیر آئینی ہوگی۔ کنٹریکٹرز کو لائسنس دینے کا اختیار پہلے سے پاکستان انجینئرنگ کونسل (پی ای سی)کے پاس ہے۔ سی آئی ڈی بی کی تشکیل سے پی ای سی اور پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (پیپرا) عملاً غیرفعال ہوجائیں گے اور تمام انجینئرنگ اداروں کو کیپ کے پسندیدہ کنٹریکٹرز کو قبول کرنا پڑیگا۔ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے کہا کہ سی آئی ڈی بی دنیا کا واحد ادارہ ہوگا جو اپنے کام کا خود ہی نگران ہوگا۔ ادارے نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ کنسٹرکشن بورڈ کی مجوزہ تشکیل سے کنسٹرکشن انڈسٹری میں کرپشن ہوگی اور تعمیراتی صنعت چند سیاسی اثرو رسوخ رکھنے والے کنٹریکٹرز کے ہاتھ میں چلی جائے گی جب کہ بورڈ میں نان انجینئرکنٹریکٹرزکی اکثریت ہونے کے باعث یہ غیرجانبدارانہ کام نہیں کرسکے گا۔
ٹرانسپیرنسی پاکستان نے کنسٹرکشن انڈسٹری ڈویلپمنٹ بورڈ کی مخالفت کر دی
Apr 26, 2020