لاہور (نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے جنوبی پنجاب کے ہسپتالوں کے ڈاکٹرز کیلئے 5ہزار پی پی ای حفاظتی کٹس اور2ہزار فیس شیلڈز فراہم کرتے ہوئے کہا کہ کرونا وباء ختم نہیں ہو رہی بلکہ آنیوالے دنوں میں اس میں مزید شدت آئیگی۔ علماء اور مساجد انتظامیہ نے کرونا سے بچاؤ کیلئے حفاظتی اقدامات کو یقینی نہ بنایا تو یہ ملک وقوم کیلئے تباہ کن ہوگا۔ کروناکیخلاف فرنٹ لائن پرلڑنیوالے افواج پاکستان، رینجرز، پولیس اور ڈاکٹرز سمیت دیگر طبی عملہ کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے اور ہم سب انکے ساتھ کھڑے ہیں۔ ہفتہ کے روز ہونیوالی تقریب میں صوبائی وزیر انر جی ڈاکٹر اختر ملک، نشتر میڈیکل کالج کے وائس چانسلرپروفیسر مصطفیٰ کمال پاشا اور رکن پنجاب اسمبلی سبرین گل اورچوہدری عنصر سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ میڈیا سے گفتگو کے دوران چوہدری محمد سرور نے کہا کہ پہلے مر حلے میں ہم ملتان اور بہاولپور ڈویژن کے ڈاکٹرز کیلئے5 ہزار حفاظتی کٹس اور حفاظتی شیلڈ فراہم کر رہے ہیں اور انشاء اللہ پنجاب میں جہاں بھی ڈاکٹرز کو حفاظتی سامان کی ضرورت ہوگی ہم یقینی بنائیں گے۔ وزیراعظم کرونا ریلیف فنڈزمیں گور نر ہاؤس میں مخیرحضرات اور بزنس کمیونٹی نے 40کروڑ روپے سے زائد جمع کروائے اور مجموعی طور پر ہم تقر یباً 3ارب روپے کرونا بحران سے متاثر ہونیوالے افراد کیلئے راشن سمیت دیگر مد میں جمع کر چکے ہیں جن کے ذریعے لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہر وں میں پانچ لاکھ غریب خاندانوں کو راشن فراہم کر رہے ہیں۔ اس سال گور نر ہاؤس میں افطاری کا اہتمام نہیں کیا جائیگا بلکہ ان پیسوں سے غر یبوں کوراشن فراہم کر یں گے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ کرونا بحران کی وجہ سے پاکستان پر مشکل حالات ضرورہیں لیکن مجھے یقین ہے جس طر ح ہم سب ملکر کرونا کیخلاف لڑ رہے ہیں انشاء اللہ ہم کروناکیخلاف اس جنگ میں کامیاب ہوں گے۔
وباء ختم نہیں ہو رہی‘ ڈاکٹروں کو حفاظتی سامان کی فراہمی یقینی بنائینگے: گورنر
Apr 26, 2020