مئوثر لاک ڈائون اور میڈیا مہم کروناکاپھیلائو روکنے میں مدد گار ثابت ہوئی :سردار مسعود خان

Apr 26, 2020

اسلام آباد(نیوزرپورٹر) آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کی حکومت کی طرف سے کرونا وائرس وبا کے خطرے کو فوری طور پر بھانپ لینا اس خطرہ سے بچنے کے لیے موثر لاک ڈائون اور جارحانہ میڈیا مہم کرونا پھیلائو کو روکنے میں مدد گار ثابت ہوئی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) کے دورے کے موقع پر کیا ۔این آئی ایچ پہنچنے پر این آئی ایچ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر میجر جنرل عامر اکرام نے اُن کا استقبال کیا اور اُنہیں کرونا وائرس کی وبا اور اس پر قابو پانے کے حوالے سے بریفنگ دی ۔ صدر آزاد کشمیر نے این آئی ایچ کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ این آئی ایچ کرونا وا ئرئس کی ٹیسٹنگ کے حوالے سے ملک کا ایک قابل بھروسہ ادارہ بن کر سامنے آیا جس کے لیے اس ادارے کی کی قیادت اور پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے ۔ اُنہو ں نے کہا کہ حالیہ بحران کے دوران این آئی ایچ کی انتظامیہ اور پوری میڈیکل ٹیم نے جس لگن اور پیشہ وارانہ مہارت کا مظاہرہ کیا اُس پر پوری قوم اس ادارے کی تعریف کرتی ہے اور ہم خاص طور پر این آئی ایچ کے شکر گزار ہیں کہ اس نے آزاد کشمیر کے عوام کو کرونا ٹیسٹنگ کی سہولت ترجیح بنیاد پر فراہم کی ۔ این آئی ایچ کے سربراہ نے اس موقع پر کہا کہ اُن کے ادارہ کے ذمہ دار جلد آزاد کشمیر کا دورہ کر کے کرونا وائرس کی ٹیسٹنگ کے حوالہ سے ڈاکٹروں ، نرسوں ، پیرا میڈیکل سٹاف کی تربیت کرنے کے علاوہ آزاد کشمیر کے ہسپتالوں میں پہلے سے موجود لیبارٹریز کی ٹیسٹنگ استعداد بڑھانے کا جائزہ لیں گے ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے کہا کہ آزاد کشمیر میں محکمہ صحت کا ایک وسیع نیٹ ورک کرونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کے لیے متحرک ہے۔ اس وقت آزاد کشمیر میں 60 قرنطینہ مرکز ،کرونا وائر س کے مریضوں کے لیے ہسپتالوں میں علیحدہ وارڈز اور ریاست کے تینوں انتظامی ڈویژنز میںتین ٹیسٹنگ لیبارٹریز قائم ہیں ۔

مزیدخبریں