ریاض (نیٹ نیوز/ نوائے وقت رپورٹ) سعودی عرب میں جرم کرنے پر کوڑے مارنے کی سزا کو ختم کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی سلطنت کی سپریم کورٹ کے جنرل کمشن کی جانب سے حکم دیا گیا ہے کہ ملک میں کوڑے مارنے کی سزا کو قید، جرمانے یا دونوں سے تبدیل کیا جائے گا۔ سعودی عدالتی دستاویز کے مطابق یہ اقدام سعودی عرب کے بادشاہ شاہ سلمان کی ہدایت پر کیا گیا ہے جبکہ یہ اصلاح سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی براہ راست نگرانی میں کی جا رہی ہے۔ اس فیصلے کیوجہ بتاتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ انسانی حقوق سے متعلق اصلاحات میں توسیع ہے جو فرمانروا شاہ سلمان کی ہدایات اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی براہ راست نگرانی میں متعارف کروائی گئی ہیں۔ واضح رہے کہ سعودی عرب میں کئی جرائم پر کوڑوں کی سزا دی جاتی ہے اور انفرادی ججز اپنے طور پر اسلامی تعلیمات کے مطابق مجرمان کو سزا سناتے ہیں۔ خیال رہے کہ سعودی عرب میں مختلف قسم کے جرائم پر کوڑے مارنے کی سزا دی جاتی تھی جبکہ دیگر جسمانی سزا جس میں چوری کے جرم میں ہاتھ کاٹنے سزائے موت یا قتل اور دہشت گردی کرکے جرم میں سر قلم کرنے کی سزائیں ہیں تاہم اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ۔
سعودی کمشن نے کوڑوں کی سزا ختم کردی: قید، جرمانوں میں تبدل کرنیکا فیصلہ
Apr 26, 2020