رحیم یا رخان( بیورو رپورٹ)سینئر صوبائی وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ صوبہ پنجاب میں گندم کی بین الاضلاعی نقل و حمل پر کوئی پابندی عائد نہیں تاہم صوبہ سے باہر گندم نہیں جانے دی جائے گی،۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس کمیٹی روم میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت اور مختلف وفود سے ملاقات کے دوران کیا۔اس موقع پر سیکرٹری فوڈ پنجاب محمد وقاص علی محمود، ڈی جی فوڈ سید واجد علی شاہ، ڈپٹی کمشنر علی شہزاد، ایم پی اے چوہدری محمد شفیق، چوہدری آصف مجید، میاں محمد شفیع، ضلعی صدر چوہدری ظفر اقبال وڑائچ ،سیٹھ عبدالماجد خان، رانا مسعود مجید خان، نگہت محمود گجر، سردار رفیق احمد خان لغاری سمیت دیگر موجو دتھے۔سینئر صوبائی وزیر و وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا کہ حکومت کا کام ہر شعبہ میں سہولیات فراہم کرنا ہے صوبہ میں گندم خریداری کا ہدف مکمل کیا جائے گا اور کاشتکاروں سے براہ راست1400روپے من گندم خرید کی جا رہی ہے جس کی ادائیگی کسانوں کو24گھنٹوں میں کر دی جاتی ہے۔انہوں نے پنجاب سیڈ ایسوسی ایشن کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسی کے ساتھ زیادتی نہیں کی جائے گی ہمارا مقصد کاروبار کو فروغ دینا ہے۔انہوں نے کہا کہ مجھے بتایا گیا ہے کہ ضلع میں172سیڈ کمپنیاں رجسٹرڈ ہیں محکمہ خوراک تمام سیڈ کمپنیوں کی سکروٹنی کرے گا اور معیار پر پورا اترنے والی سیڈ کمپنیوں کو گندم خریداری کی اجازت ہو گی۔انہوں نے کہا کہ سیڈ کمپنی ایسوسی ایشن از خود ایسے عناصر کی نشاندہی کریں جو اس شعبہ کو بدنام کر رہا ہے۔انہوں نے ڈی جی فوڈ کو ہدایت کی کہ وہ سیڈ کمپنیوں کے تحفظات دور کریں اور مشترکہ لائحہ عمل مرتب کرتے ہوئے قواعد و ضوابط کا تعین کریں۔سینئر صوبائی وزیر نے ضلع کے ارکان پارلیمنٹ ، ٹکٹ ہولڈرز اور تنظیمی عہدیداران و ورکروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ورکز ہماری پارٹی کا اثاثہ ہیں جنہوں نے مشکل حالات میں پارٹی کا ساتھ دیا۔انہوں نے کہا کہ ورکرز کو عزت اور ان کے جائز مسائل حل کئے جائیں گے۔ارکان پارلیمنٹ سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ کرونا کے باعث فنڈز کی فراہمی میں سست روی آئی ہے تاہم وہ وزیر اعلیٰ پنجاب سے ارکان پارلیمنٹ کو فنڈز فراہم کرنے بارے بات کریں گے۔صوبائی وزیر نے چیمبر آف کامرس کے دورہ پر بزنس کمیونٹی اور فلور ملز ایسوسی ایشن سے ملاقات کے دوران کیا کہ حکومت تاجروں کو سہولیات فراہم کرنے کے لئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے فلور ملز مالکان کے مسائل حل کئے جائیں گے جبکہ بزنس کمیونٹی کو فیصلہ سازی میں آگے لایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ آئندہ گندم خریداری مہم کے حوالہ سے تمام سٹیک ہولڈرز کسانوں کو ساتھ بٹھا کر فیصلہ سازی کی جائے گی۔سینئر صوبائی وزیر و زیر خور اک پنجاب عبدالعلیم خان نے گندم خریداری مرکز 64پی کا دورہ کرتے ہوئے خریداری مراکز پر کسانوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔قبل ازیں ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے سینئر صوبائی وزیر کو ضلع میں کورونا کی صورتحال، گندم خریداری مہم اور احساس کفالت پروگرام بارے بریفنگ دی۔
گندم خریداری میں تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت ہو گی: صوبائی وزیر خوراک
Apr 26, 2020