بغداد (آئی این پی+ شنہوا) عراقی دارالحکومت بغداد میں واقع ہسپتال میں آتشزدگی کے باعث کرونا کے 82 مریض جاں بحق 110 زخمی ہوگئے۔ واقعہ بغداد کے ابن خطیب ہسپتال میں پیش آیا جو وباء سے متاثرہ مریضوں سے بھرا ہوا تھا۔ حکام کے مطابق آگ انتہائی نگہداشت وارڈ میں آکسیجن ٹینک پھٹنے کے باعث لگی۔ واقعہ کے بعد فائر بریگیڈ کا عملہ موقع پر پہنچ گیا اور آگ بجھانے کی کوششیں شروع کر دیں۔ ریسکیو کئے گئے مریضوں کو ایمبولینس کے ذریعے دوسرے ہسپتال منتقل کیا گیا۔ وارڈ میں 120 میں سے 90 افراد کو بچا لیا گیا۔ وزیراعظم مصطفی الکاظمی نے لا پروائی پر وزیر صحت کو عہدے سے ہٹا کر تحقیقات کا حکم دیدیا۔ لوگوں نے کھڑکیوں سے کود کر جانیں بچائیں۔ حادثے کے بعد فوری طور پر آگ بجھانے کے لیے امدادی کارروائیاں شروع کی گئیں اور ہسپتال میں موجود مریضوں اور ان کے تیمارداروں سمیت دیگر عملے کو باہر نکالا گیا۔ عراقی شہری دفاع کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ہسپتال میں آگ بجھانے کا کوئی انتظام نہیں۔ انسانی حقوق کمشن نے آتشزدگی کے واقعے کو مجرمانہ غفلت قرار دیتے ہوئے عراقی وزیراعظم سے وزیر صحت کو برطرف کرنے کا مطالبہ کیا ہے جس کے بعد وزیراعظم نے تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے۔
بغداد ہسپتال میں آتشزدگی 82کرونا مریض جاں بحق وزیر صحت برطرف
Apr 26, 2021