کراچی (نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ دنیا بھر کے حکمران اپنے عوام کے فائدے کا سوچتے ہیں اور عمران خان چندہ لینے کی نئی ترکیبوں پر غورکرتے ہیں۔ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا میڈیکل سٹورز پر پیسے کم ہونے کی وجہ سے دوا خریدے بغیر واپس جانے والے غریب کی آواز بننا سیاسی پوائنٹ سکورنگ نہیں ہے۔ ادویات کی قیمتوں میں سو فیصد سے زائد اضافہ عام آدمی سے زندگی کا حق چھین لینے کے مترادف ہے۔ وزیر اعظم ہاؤس کے ٹھنڈے کمرے میں بیٹھ کر عمران خان کو ان والدین کی تکلیف کا کوئی احساس نہیں جو بچوں کے سکول کی فیس تک ادا نہیں کر پا رہے۔ وزیراعظم صاحب، ملک میں مہنگائی بلند ترین سطح کو چھو رہی ہے۔ کیا اب ہم تھوڑا سا گھبرا لیں؟۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ مہنگائی کے خاتمے کے دعویدار عمران خان کرائے کے گھر میں رہنے والے عام آدمی کا مہینے کا بجٹ بنا کر دکھا دیں۔ اس وزیراعظم کے ہوتے کوئی ایک عید ایسی نہیں گزرے گی جس میں مہنگائی کی وجہ سے نئے کپڑے بنانا بھی ایک گھرانے کیلئے آسان ہو۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ لنگر خانے کھولنے سے غربت ختم نہیں ہوگی، آپ کو کچھ کرکے دکھانا ہوگا۔ آپ نے آٹے کے 20 کلو کے تھیلے پر 68 روپے زیادہ دینے والے عام آدمی کو روٹی کے نوالے تک سے محروم کرنے کی کوشش کی۔ جب حکمران خود چور ہوتا ہے تو ملک میں مافیا بے لگام ہوکر زیادہ منافع کے حصول کے لئے ہر چیز مہنگی کردیتا ہے۔ آئی ایم ایف کے حکم پر ٹیکسوں کا بوجھ لادنے والے سلیکٹڈ وزیراعظم کے جرائم کو عوام کبھی معاف نہیں کریں گے۔ عمران خان مہنگائی کنٹرول نہ کرنے کی ذمہ داری قبول کریں اور استعفی دیکر گھر جائیں۔