پاکستان نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں قابض اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری پر تشدد کارروائیوں اور تشویشناک اقدامات کی مذمت ہے۔ پیر کو ایک بیان میں دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان اس اقدام کو سنجیدگی سے دیکھ رہا ہے اور عالمی برادری پر زور دیتا ہے کہ وہ فلسطینیوں کے تحفظ کے لئے فوری اقدامات کرے۔انہوں نے کہا کہ ان غیر قانونی کارروائیوں میں نماز کے لئے آنے والے افراد کوہراساں کرنا بے گناہ فلسطینیوں کی گرفتاری اور بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر مبنی دیگر پابندیاں شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ رمضان کے مقدس مہینے کے شروع ہوتے ہی ان غیر قانونی اقدامات میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان فلسطینیوں کی غیر جانبدارانہ حق خودارادیت کی دو ٹوک حمایت کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ انصاف پر مبنی اور پائیدار امن کے لئے اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم کی قراردادوں کے مطابق دو ریاستی حل نا گزیر ہے جن میں 1967سے پہلے کی سرحد اور القدس الشریف کو فلسطینی ریاست کا دارالحکومت تسلیم کیا گیا ہے۔