لاہورسمیت پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں وینٹی لیٹرزاور آکسیجن بیڈزکی تعدادمیں اضافہ کیاجارہاہے۔ڈاکٹریاسمین راشد

وزیر اعلیٰ پنجاب سردارعثمان خان بزدار کی ہدایت پر صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدکی زیرصدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیراینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں اجلاس منعقد ہواجس میں سپیشل سیکرٹری سلوت سعید،ایڈیشنل سیکرٹری عثمان خالد، ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹرسلمان شاہد،پروفیسرڈاکٹرمحمودشوکت،کنسلٹنٹ پروفیسرڈاکٹراسداسلم خان،پروفیسرڈاکٹرثاقب سعید اور سی ای او پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی پروفیسرڈاکٹرثاقب شفیع نے شرکت کی۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے اجلاس کے دوران کوروناکے مریضوں کے علاج کیلئے پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں کی صلاحیت بڑھانے کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا۔سپیشل سیکرٹری سلوت سعید اور کنسلٹنٹ پروفیسرڈاکٹراسداسلم خان نے وزیر صحت کو پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں کوروناکے مریضوں کیلئے مختص بیڈز،آکسیجن بیڈزاور وینٹی لیٹرزسمیت دیگرطبی سہولیات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردارعثمان خان بزدارکی خصوصی ہدایت پر کوروناکے مریضوں کے علاج کیلئے پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں کی صلاحیت میں اضافہ کیاجارہاہے۔لاہورسمیت پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں وینٹی لیٹرزاور آکسیجن بیڈزکی تعدادمیں اضافہ کیاجارہاہے۔ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ کوروناوائرس کا شکارمریضوں کے علاج کولمحہ بہ لمحہ مانیٹرکیاجارہاہے۔این سی او سی کی ہدایات کے مطابق ایس اوپیزپرعملدرآمدکروایاجارہاہے۔ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں آکسیجن کی صورتحال تسلی بخش ہے۔وینٹی لیٹرزکی تعدادبڑھانے کے حوالہ سے این ڈی ایم اے سے مسلسل رابطہ میں ہیں۔صوبائی وزیر صحت نے مزیدکہاکہ پوری دنیامیں کوروناکی وباء نے تباہی مچارکھی ہے۔پنجاب میں کوروناکے مریضوں کے علاج کیلئے تمام ترطبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔پنجاب میں روزانہ کی بنیادپر کوروناویکسینیشن کا عمل کامیابی سے جاری ہے۔صوبائی وزیر صحت نے عوام سے ماسک کی سختی سے پابندی کی بھی اپیل کی۔

ای پیپر دی نیشن