اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) الیکشن کمشن نے پی ٹی آئی کے منحرف ارکان قومی و پنجاب اسمبلی کو طلبی کے نوٹسز جاری کر دیئے ہیں۔ قومی اسمبلی کے ارکان کو پرسوں 28 اپریل جبکہ پنجاب اسمبلی کے ارکان کو 6 مئی کو طلب کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کے اہم اجلاس کی صدارت چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کی۔ اجلاس میں ممبران الیکشن کمیشن کے علاوہ سیکرٹری اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں عمران خان چئیرمین تحریک انصاف کی طرف سے الیکشن کمیشن کو لکھے گئے خط پر غور کیا گیا جس میں انہوں نے تحریر کیا ہے کہ پارٹی نے قومی اسمبلی کی تمام سیٹوں جنرل، خواتین اور مخصوص نشست برائے اقلیتی برادری سے استعفے دے دیئے ہیں۔ اب قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کی کوئی نمائندگی نہیںہے۔ Defectors کے خلاف آرٹیکل( اے )63 کے تحت کیس الیکشن کمیشن کو بھیجا جا چکا ہے اور اس طرح وہ تمام Priority lists جو تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن میں جمع کروائی ہیں وہ بھی واپس( withdrawn) لی جاتی ہیں۔ اس کیس پر الیکشن کمیشن نے موقف اختیار کیا کہ قانون کے مطابق الیکشن کمیشن کو سپیکر قومی اسمبلی کی طرف سے کسی رکن کے استعفوں کا نوٹیفکیشن موصول نہیں ہوا۔ جونہی استعفوں کا کیس سپیکر سے الیکشن کمیشن کو موصول ہو گا الیکشن کمیشن قانون کے مطابق اس پر کارروائی کرے گا۔ مزید برآں الیکشن کمیشن نے ان تمام ممبران قومی وصوبائی اسمبلی جن کے خلاف آرٹیکل 63 (اے ) 3 کے تحت Declaration سپیکر قومی اسمبلی و سپیکر صوبائی اسمبلی سے موصول ہو چکا ہے ان تمام ممبران قومی اسمبلی کو 28 اپریل کے لئے نوٹس جاری کر دئے ہیں۔ اور اسی طرح ممبران صوبائی اسمبلی کو 6 مئی کے لئے نوٹس جاری کر دیئے گئے ہیں تاکہ ان کیسوں کی سماعت کی جا سکے۔ اس سلسلے میں الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کو بھی نوٹس جاری کر دئیے ہیں۔
الیکشن کمشن نے منحف ارکان قومی اسمبلی پرسوں ، صوبائی 6 مئی کو طلب کرلیے
Apr 26, 2022