اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نوائے وقت رپورٹ) سابق وزیراعظم عمران خان نے کارکنوں سے کہا کہ کہ وہ چند ہفتوں میں اسلام آباد آنے کی کال دیں گے، جب تک الیکشن کا اعلان نہیں ہوتا سب نے اسلام آباد میں بیٹھنا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ پارٹی بنانے کا مقصد اسلامی فلاحی ریاست کے مطابق نیا پاکستان بنانا ہے، ہماری پارٹی کے 3 اہم اصول ہیں، خوددار پاکستان جو کسی کی غلامی نہ کرے اور ہرے پاسپورٹ کی عزت ہو، دوسرا فلاحی ریاست اور تیسرا قانون کی بالادستی۔ کیوں کہ قانون کی بالادستی کے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کرسکتا۔ پاکستان تحریک انصاف نے امپورٹڈ حکومت نامنظور اور ملک میں نئے انتخابات کی تحریک کیلئے فیصلہ کن تیاریوں کا جائزہ لیا۔ اس سلسلے میں پیر کے روز چیئرمین عمران خان کی زیرصدارت بنی گالہ میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں شاہ محمود قریشی، فواد چوہدری، ڈاکٹر شیریں مزاری، اسد قیصر، عامر محمود کیانی، شاہ فرمان، ملک عامر ڈوگر، علی امین گنڈاپور، علی زیدی، ریاض فتیانہ سمیت دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان کو چھبیسویں یوم تاسیس کی مبارکباد دی۔ اجلاس میں اسلام آباد مارچ کی تیاریوں کے ضمن میں چئرمین عمران خان نے پشاور، لاہور اور ملتان کے دوروں کا اعلان کردیا۔ عمران خان ان تینوں اہم مقامات پر کارکنان اور اہم سیاسی و سماجی شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔ اجلاس میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کیخلاف ملک گیر احتجاج کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ کارکنان کو بڑی تعداد میں الیکشن کمیشن آف پاکستان سمیت ملک بھر میں کمیشن کے ریجنل دفاتر کے باہر بھرپور احتجاج ریکارڈ کروانے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں ممنوعہ فنڈنگ کے معاملے پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔