الیکشن کمشن نے ادارہ کو ٹائیگر فورس بنانے سے انکار کیا ، عمران کی سیاست جھوٹ : بلاول 

Apr 26, 2022

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بیان میں کہا ہے کہ سابق حکومت کے دباؤ کا مقابلہ کرنے اور الیکشن کمیشن کی بہتری کے مؤقف پر ڈٹے رہنے پر چیف الیکشن کمشنر ستائش کے مستحق ہیں، متنازع سے آئینی کردار میں منتقلی پر ہم تمام اداروں کی کاوشوں کی حمایت کرتے ہیں، عمران خان کی سیاست اب "مجھے کیوں نہیں بچایا" کی مہم کے ساتھ اداروں کو نشانہ بنانے کی ہے، عمران خان کی سیاست جھوٹ اور پروپیگنڈے پر مبنی ہے، عوام آگاہ ہیں کہ الیکشن کمیشن اور اس کے پی ٹی آئی حکومت کے منتخب کردہ چیف کو نشانہ بنانے کی عمران خان کی واحد وجہ یہ ہے کہ انہوں نے ادارے کو عمران خان کی ٹائیگر فورس میں بدلنے سے انکار کردیا ہے، چیف الیکشن کمشنر اپنے ادارے اور آئین کے ساتھ کھڑے ہیں اور اگر یہ سلسلہ جاری رہے تو ہم پرامید ہیں کہ مستقبل میں ایک مضبوط الیکشن کمیشن کو دیکھیں گے، عمران خان کا الیکشن کمیشن کے خلاف احتجاج کا اعلان دراصل فارن فنڈنگ کیس کے فیصلوں کو جاری نہ کرنے کے حوالے سے بلیک میلنگ اور صریحاً دباؤ کا ایک حربہ ہے، عمران خان کی تمام کوششیں ناکام ہوں گی اور سچ غالب آئے گا۔
اسلام آباد (عترت جعفری) پاکستان پیپلز پارٹی کی سی ای سی کا اہم اجلاس آج ہو گا جس میں بلاول بھٹو زرداری  کی طرف سے وزیر خارجہ کے طور پر حلف اٹھانے کے معاملہ سمیت بلاول بھٹو زرداری کی لندن میں میاں نواز شریف سے ملاقات کے نتائج پر غور کیا جائے گا۔ ذارئع نے بتایا ہے کہ اجلاس میں  بلاول بھٹو زراداری سی ای سی کے راکان کو اپنی لندن کی ملاقاتوں کے بارے میں اعتماد میں لیں گے۔ اگرچہ  اپنی پریس کانفرنس میں بلاول بھٹو زراداری نے اپنے دورے کو صرف مبارک باد دینے کے لئے قرار دیا تھا، تاہم ذرائع نے کہا ہے کہ لندن میں بلاول بھٹو زرداری کی ملاقات میں زیادہ تر امور پر پی ایم ایل این کی جانب سے کوئی واضح یقین دہانی نہیں کرائی گئی  تاہم غور کا وعدہ کیا گیا ہے، تاہم ایک بڑے آئینی عہدے کے بارے میں کہا گیا ہے کہ اس حوالے سے پی پی پی سے تعاون کیا جائے گا، سی ای سی کے اجلا س میں کابینہ  میں  بلاول بھٹو زرداری کی شمولیت پر حتمی فیصلہ کیا جائے گا اور امکان ہے کہ سی ای سی اس کی توثیق کر دے گی۔

مزیدخبریں