اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے نجی ٹی وی سے انٹرویو میں کہا ہے کہ عید کے بعد بھرپور سیاسی پروگرام کا اعلان کررہے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) تمام قصبوں اور شہروں میں عوامی جلسے کرے گی۔ تحریک انصاف نے ایک آدھ بار اسلام آباد میں دھرنا دینا ہے تو دے۔ انہوں نے یہی کام تو کیا ہے، تحریک انصاف کا یہ کام پہلی بار نہیں، یہ فیز ٹو ہوگا۔ عمران خان کو اپنی کارکردگی کا حساب دینا ہوگا۔ عمران خان پرانی قوت کے ساتھ اسلام آباد نہیں آسکیں گے۔ عمران خان کی 2014ء میں سلیٹ کلیئر تھی، اب الزامات ہیں۔ پارٹی کی خواہش ہوگی کہ انتخابی مہم میں نوازشریف موجود ہوں۔ اگر نوازشریف انتخابی مہم میں موجود ہوئے تو ہمیں فائدہ ہوگا۔ عمران خان کا سازش کا بیانیہ بہت بڑا جھوٹ ہے۔ تحریک انصاف نے قوم کی معیشت تباہ کی، قوم کی اخلاقیات تباہ کی۔ کوشش کریں گے مہنگائی کو کم نہ کرسکے تو روک ضرور دیں۔ لگتا ہے نوازشریف کو ویڈیو لنک پر جلسوں سے خطاب کروانا پڑے گا۔ ہم پنجاب میں کلین سویپ کریں گے۔ سازش کا بیانیہ جھوٹ ہے۔ یہ آج نہیں تو کل قوم کے سامنے آنا ہے۔ اس جھوٹ سے پاکستان کا سفارتی محاذ، ڈپلومیٹک فورس تباہ ہوکر رہ گئی۔ نوازشریف کے بغیر ہمارے معاملات مکمل نہیں ہوتے۔ الیکشن کمشن کو کسی نے نہیں روکا کہ فیصلہ 30 دن میں کرے، 35 دن میں یا 25 دن میں۔ یہ بات سننے میں آئی تھی کہ عمران خان نے آصف زرداری اور اسٹیبلشمنٹ سے رابطہ کیا تھا۔ یہ تو مانتے ہی نہیں تھے کہ اپوزیشن ہمارے خلاف کچھ کرسکتی ہے۔ جب ہم نے ان کے بندے شو کردیئے تو پھر انہوں نے شور کرنا شروع کردیا۔ جب ہم لوگوں کو باہر لائیں گے تو پوزیشن واضح ہوجائے گی۔ جب ان کے اتحادی اپنے ساتھ ملائے تو ان کو سمجھ آئی کہ یہ کیا ہوگیا۔ سفیر نے کہا کہ سفارتی کیبل میں جو چیزیں بیان کی جارہی ہیں کیبل میں ان کا ذکر ہی نہیں۔ سفیر کہتے ہیں کہ نہ یہ معنی تھے، نہ یہ متن ہے اور نہ ہی ان چیزوں کا ذکر کیا۔ اس وقت تک کوئی امریکہ غدار یا سازش نہیں تھی۔ جب دیکھا کہ یہ فارغ ہوگئے تو ڈرامہ شروع کردیا۔ ان کو خود بھی پتہ ہے کہ یہ سازش ٹوٹل ڈرامہ ہے۔ فارن فنڈنگ کیس میں تحریک انصاف کو کوئی ریلیف نہیں ملا۔ فارن فنڈنگ کیس میں اس پوائنٹ پر عارضی طور پر فیصلہ معطل ہوا ہے۔ احتساب سے خوفزدہ لوگ اداروں پر حملے کررہے۔ سیاسی انتقام نہیں لیں گے لیکن عوامی وسائل پر ڈاکے کا حساب ضرور لیں گے۔
عمران کا سازش والا بیانیہ بڑا جھوٹ ، عوامی وسائل پر ڈاکے کا حساب دینا پڑے گا : راانا ثناء
Apr 26, 2022