تاریخ میں گورنر کا نام سیاہ ترین حروف میں لکھا جائے گا:عطاء اللہ تارڑ

Apr 26, 2022


لاہور(اپنے نامہ نگار سے)لاہور ہائی کورٹ میں عطاء اللہ تارڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ آج 24 دن ہوگئے ہیں۔ پنجاب کا صوبہ بغیر حکومت کے چل رہا ہے۔ یہ پنجاب سے بدلہ لیا جارہا ہے کیونکہ پنجاب نے عمران خان حکومت کو مینڈیٹ نہیں دیا تھا۔ ایک افراتفری کا عالم ہے۔ فائلیں رکی ہوئی ہیں۔ کسی قسم کا کام نہیں ہورہا ہے۔ عمران خان اور انکا گورنر ضد پر اڑا ہوا ہے۔ وہ اس صوبے میں آئینی بحران پیدا کر رہے ہیں۔ یہ لوگ تقریب حلف برداری نہیں ہونے دے رہے ہیں۔ منتخب وزیر اعلی کا حلف کروانے کے عدالتی حکم پر بھی عملدار نہیں کروایا جا رہا ہے۔ ہم پرامن لوگ ہیں ورنہ گورنر پنجاب کو گورنر ہاؤس سے نکالنا کوئی بڑی بات نہیں۔ گورنر نے چار دن رہنے کیلئے آئین شکنی کی۔ آج بھی گورنر اپنی ضد پر اڑا ہوا ہے۔ تاریخ میں گورنر کا نام سیاہ ترین حروف میں لکھا جائے گا،جنہوں نے اس ملک کا آئین توڑا وہ سرفہرست ہیں۔ حلف لیکر آئین شکنی کی۔ ہم نے قانون ہاتھ میں نہیں لیا ہم چاہتے ہیں کہ آئین کا تحفظ ہو بالادستی ہو۔

مزیدخبریں