6 سال قبل کھوسہ اور آرائیں برادری کے درمیان ٹکرائو کے نتیجے میں4 افراد بھی شدید زخمی ہوئے‘ جرم ثابت ہونے پر پی پی رہنما کی سربراہی میں فیصلہ


 میہڑ (نامہ نگار)  میہڑ  میں 6 سال قبل جھگڑے میں قتل ہونے والے 2 افراد میر دوست اور محمد رمضان کھوسو کی ہلاکت اور 4 افراد کے زخمی ہونے کے تنازعے کے  واقعے کا میہڑ میں پی پی رہنما میر غلام رسول ڈاڈو چانڈیو کی سربراہی میں جرگہ ہوا۔ جرگے میں کھوسہ قبائل اور آرائیں قبائل کے مقتول کھوسہ فریق کے محمد مرادکھوسو‘ رجب اور ریاض کھوسو صدام‘ مبارک علی‘برکت کھوسو اور ملزمان آرائیں فریق کے حاجی برکت علی آرائیں اور دیگر  معززین رئیس شفیع محمد چانڈیو‘ قربان چانڈیو‘معشوق‘ عبدالرسول‘ علی شیر کھوسو‘ جلال چانڈیو‘اعظم چانڈیو‘ حاجی احمد چانڈیو‘قربان بروہی‘ عبدالقادر بروہی‘ محبوب کہونہارو‘یعقوب‘ خان محمد اور دیگر نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ جرگے میں فریقین کی باتیں سننے کے بعد آرائیں فریق پر جرم ثابت ہونے پر ایک ایک قتل کے 50۔ 50 لاکھ جبکہ 4 زخمیوں کے 40 لاکھ سمیت ایک کروڑ 40 لاکھ کا جرمانہ عائد کردیا گیا۔ جبکہ آئندہ  پہلے جھگڑا کرنے والی فریق پر ایک کروڑ جرمانہ لگایا جائیگا۔ جبکہ جرمانے کی رقم کی پہلی قسط 24 مئی کو کھوسہ فریق کو ادا کی جائیگی۔ اور آرائیں برادری  کے لوگ معززین کے ساتھہ مقتولین  کھوسہ برادری کے گھر پر جاکر معافی بھی مانگیں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ 6 برس قبل خیرپور ناتھن شاہ میں تنازعے پر کھوسہ اور آرائیں برادری کے دو گروپوں میں جھگڑا ہو گیا تھا  جس میں حملے میں کھوسہ برادری کے دو افراد دوست محمد  کھوسو اور محمد رمضان کھوسو قتل ہوگئے  تھے۔ جبکہ کھوسہ برادری کے مزید 4 افراد  بھی شدید زخمی ہوئے تھے۔ جس واقعے کا خیرپور ناتھن شاہ میں آرائیں فریق پر قتل کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔  دونوں  فریقین  نے   پاک کتاب پر ایک دوسرے سے گلے مل کر دشمنی ختم کردی۔ 

ای پیپر دی نیشن