کیف‘ ماسکو (نوائے وقت رپورٹ‘ این این آئی‘ اے پی پی) روسی فوج نے یوکرائن کے 5 ریلوے سٹیشنز پر حملہ کر کے انہیں تباہ کر دیا جبکہ حملوں میں 3 مسافر بھی ہلاک ہو گئے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یوکرائن میں روسی فوج کی کارروائیاں جاری ہیں۔ مغربی علاقے میں 5 ریلوے سٹیشنز کو تباہ کر دیا گیا جس سے 16 مسافر ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہو گئی۔ روسی فورسز نے یوکرینی شہر ماریوپول میں یوکرینی فورسز کے آخری مضبوط گڑھ آزوفسٹال سٹیل پلانٹ پر ایک بار پھر حملہ کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ بات یوکرینی حکام کی طرف سے بتائی گئی۔ اندازہ ہے کہ اس سٹیل پلانٹ کی سرنگوں میں ایک ہزار عام شہری جبکہ دو ہزار یوکرینی جنگجو پناہ لیے ہوئے ہیں۔ یوکرینی حکومت نے روس کو بات چیت کی دعوت دی ہے تاکہ یہاں گھیرے میں آئے ہوئے عام شہریوں اور جنگجوئوں کو وہاں سے نکالنے کی راہ ہموار ہو سکے۔ ادھر روسی وزارت دفاع نے کہا کہ اس کی فورسز نے اپنے جدید میزائلوں سے یوکرائنی ملٹری کے 9 اہداف کو نشانہ بنایا ہے جن میں خرکیف کے علاقے میں چار اسلحہ ڈپو بھی شامل ہیں۔ دریں اثناء امریکہ کے مرکزی بنک نے ہیوسٹن اور نیویارک میں روسی قونصل خانوں کے اکائونٹس بند کر دیئے۔ امریکہ میں روس کے سفیر اناتولی انتونوف نے کہا کہ بنک آف امریکہ نے ہیوسٹن اور نیویارک میں روسی قونصل خانوں کے اکانٹس بند کر دیئے ہیں۔ روسی خبر رساں ادارے کے مطابق انہوں نے کہا کہ بنیادی طور پر سفارت خانہ امریکا کی حکومتی ایجنسیوں کے گھیرائو میں ہے۔
یوکرائن