سابق جنوبی افریقی کپتان گریم اسمتھ  کو نسل پرستی کے الزامات سے بری

جوہانسبرگ(آئی این پی)جنوبی افریقہ کے آزاد پینل نے گریم اسمتھ کو نسل پرستی کے الزامات سے بری کردیا ہے۔جنوبی افریقہ کے کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقہ کرکٹ کے سابق ڈائریکٹر گریم اسمتھ کو دو آزاد ثالثوں پر مشتمل پینل نے نسل پرستی کے الزامات سے بری کردیا ۔ گریم اسمتھ اورجنوبی افریقہ کے موجودہ ہیڈ کوچ مارک باچر ان متعدد ملازمین میں شامل ہیں۔ جنہیں گذشتہ سال سوشل جسٹس اینڈ نیشن بلڈنگ اومبڈسمین نے عارضی نتائج کے طور پر ماضی میں کھیل کی قومی گورننگ آرگنائزیشن کے اندر مبینہ امتیازی سلوک کے حوالے سے ملوث پایا تھا۔تاہم اب پینل کا فیصلہ سامنے آگیا ہے جس میں انہوں نے یہ نتیجہ اخذ کیا ہے کہ سابق کپتان کیخلاف کوئی ثبوت نہیں ہے کہ انہوں نے 2012اور 2014کے درمیان سابق کھلاڑی تھامی تسولیکائل کیخلاف امتیازی سلوک برتا تھا یا وہ سیاہ فام قیادت کیخلاف تھے۔پینل کا کہنا تھا کہ ان الزامات میں بھی کوئی صداقت نہیں ہے کہ انہوں نے 2019 میں ہیڈکوچ کے انتخاب کے عمل کے دوران نکوے پر باچر کی حمایت کی تھی۔پینل کا مزید کہنا تھا کہ اب جبکہ حتمی فیصلہ سامنے آگیا ہے تو سابق کپتان کی جنوبی افریقہ کی کرکٹ کیلئے غیر معمولی شراکت کو تسلیم کیا جائے۔

ای پیپر دی نیشن