گجرات +اسلام آباد(نامہ نگار+خبرنگار) پاکستان مسلم لیگ (ق) کے مرکزی صدر وسابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے چوہدری ظہور الٰہی شہید کی سیاسی میراث کو زندہ رکھے ہوئے ہیں اور ان کے سیاسی نظریات و خیالات کو ہی آگے لیکر چلتے ہوئے عوام کی بہتری کیلئے کوشاں ہیں۔ چوہدری ظہور الٰہی شہید آج بھی ہمارے دلوں میں بستے ہیں اور دین اسلام میں ہے شہید مرتا نہیں بلکہ زندہ رہتا ہے۔ اسی طرح چوہدری ظہور الٰہی شہید ہمارے لےے زندہ ہیں، وہ اپنے افکار اور عوام کیلئے کی گئی خدمات کے باعث زندہ ہیں اور انشاءاللہ ہم سب ملکر انہیں عوام کے دلوں میں ہمیشہ زندہ و جاوید رکھیں گے۔ چوہدری شجاعت حسین نے کہا چوہدری ظہور الٰہی شہید اور میری گجرات کیلئے خدمات اور کوششوں کو آگے بڑھانے کیلئے بیٹے میدان سیاست میں اتارے ہیں، مجھے یقین ہے کہ دونوں میرے خاندان، وژن اور خدمات کو آگے بڑھاتے ہوئے گجرات کے عوام کی خوشحالی اور ترقی کیلئے دن رات محنت کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ آج اعلان کرتا ہوں چوہدری سالک حسین بھی یہاں سے ایم این اے کی سیٹ پر الیکشن لڑے گا اور انشاءاللہ دونوں بھائی کامیاب ہو کر بے لوث خد مت و تابعداری کی نئی مثالیں قائم کرینگے۔ آج ہمارے سارے خاندان نے چوہدری ظہور الٰہی شہید کے نام پر چلتے ہوئے سیاست میں ترقی کے زینے عبور کےے۔ افسوسناک بات یہ ہے آج ہمارے ملک میں بدقسمتی سے ایسی سیاست چل پڑی ہے جس کے فساد سے بچنا کافی مشکل امر بن چکا ہے، کسی پالیسی پر اصلاح اور جمہوری بحث و مباحثے کی ضرورت پڑتی ہے مگر کچھ لوگ اپنے ذاتی مفادات کے تحفظ کیلئے ان باتوں کو غلط رنگ دیکر تنقید کا نشانہ بناتے ہیں۔خبرنگار کے مطابق چودھری شجاعت حسین نے کہا پاکستان مسلم لیگ کا ایجنڈا پاکستان کو مشکلات سے نکالنا ہے،ملکی معیشت کو مل کر ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے،سب کو کہتا ہوں مل بیٹھ کر باہمی اتفاق سے ملکی مسائل کو حل کرنے کی کوشش کریں۔سابق صدر گجرات چیمبر عنصر محمود گھمن اور صدر فاﺅنڈر گروپ اشفاق رضی کی قیادت میں وفد نے چودھری شجاعت حسین ،وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین اور چوہدری شافع حسین سے ملاقات کی۔گجرات چیمبر کے نمائندہ وفد کی وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وفد نے چوہدری شجاعت کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا انہیں عید کی مبارکباد بھی دی۔ آنے والے الیکشن میں چوہدری شافع حسین کا بھرپور ساتھ دینے کا بھی اعادہ کیا۔
چودھری شجاعت
ایسی سیاست چل پڑی جس کی فساد سے بچنا مشکل ، سب کو کہتا ہوں مل بیٹھ کر مسائل حل کریں : شجاعت
Apr 26, 2023