پاکستان سپر لیگ‘ ٹیموں کی تعداد بڑھانے میں کئی رکاوٹیں حائل


لاہور (سپورٹس رپورٹر ) پاکستان سپر لیگ میں ٹیموں کی تعداد بڑھانے میں کئی رکاوٹیں حائل ہیں، فرنچائزز کنٹریکٹ کے تحت 2025ءمیں 10ویں ایڈیشن تک کوئی اضافہ نہیں کیا جاسکتا۔ پاکستان سپر لیگ کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کے پیش نظر چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی ٹیموں کی تعداد بڑھانا چاہتے ہیں، شائقین کی دلچپسی کےساتھ ٹیمیں خریدنے کے خواہاں بھی موجود ہیں مگر راہ میں حائل کئی رکاوٹیں دور کرنا ہوں گی۔ 2021ءمیں اتفاق رائے سے طے نئے فنانشل ماڈل کی شق کے مطابق 2025ءمیں 10 واں ایڈیشن مکمل ہونے سے قبل پی ایس ایل میں کسی ٹیم کا اضافہ نہیں کیا جاسکتا، اس کے بعد پی سی بی آزاد ہوگا کہ ٹیموں کی تعداد کب اور کیسے بڑھانا ہے۔اگر 10ویں ایڈیشن سے قبل کوئی نئی ٹیم آئی تو پہلے سے موجود 6 فرنچائزز کے میڈیا و سپانسر رائٹس اور گیٹ منی کے 95 فیصد شیئر سے کوئی کمی نہیں کی جائےگی، ابھی تک اس حوالے سے پی سی بی کی ٹیم مالکان سے کوئی باضابطہ بات چیت نہیں ہوئی مگر پیش رفت آئندہ ماہ شیڈول گورننگ کونسل میٹنگ میں متوقع ہے۔ٹیموں کی تعداد میں اضافے سے پورے ایونٹ کیلئے ونڈو نکالنے کا بھی مسئلہ ہوگا۔ شیڈول بگ بیش، بنگلہ دیشی، یواے ای اور جنوبی افریقی لیگز سے متصادم ہونے کا امکان بڑھ جائےگا، اس سے انٹرنیشنل کرکٹرز کی دستیابی کا مسئلہ بھی ہوسکتا ہے، اگلے 2 سال میں رمضان المبارک کی وجہ سے بھی شیڈولنگ متاثر ہو گی۔ ملک کی ابتر معاشی صورتحال میں خریداروں اور سپانسرز کی کم توجہ حاصل ہونے کا خدشہ بھی موجود رہے گا، زیادہ ٹیموں کی صورت میں اضافی وینیوز اور انفرا سٹرکچر کی ضرورت ہوگی، فی الحال اس کی زیادہ تیاری نظر نہیں آتی۔

ای پیپر دی نیشن