ایشیا کپ ، ورلڈ کپ چیتنا ہے تو آپس میں تگڑا مقابلہ کرنا ہوگا : گرانٹ بریڈ برن 


 لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ون ڈے میچ کل جمعرات27اپریل کو راولپنڈی میں کھیلا جائیگا، پاکستانی وقت کے مطابق میچ سہ پہر ساڑھے تین بجے شروع ہوگا ۔شیڈول کے مطابق ٹی 20 سیریز کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز 27 اپریل سے شروع ہو گی اس ضمن میں دونوں ٹیمیں آج بدھ کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں تین سے سات بجے تک پریکٹس کریں گی ۔سیریز کا دوسرا میچ 29 اپریل ، تیسرا میچ 3 مئی ، چوتھا میچ 5 مئی جبکہ پانچواں اور آخری میچ 7 مئی کو کھیلا جائےگا۔سیریز کے پہلے دو میچ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم جبکہ آخری تین میچ نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے جائیں گے۔ پاکستانی ٹیم مایہ ناز بیٹر بابر اعظم کی قیادت میں میدان میں اتری ہے جب کہ نیوزی لینڈ کو ٹام لیتھم لیڈ کر رہے ہیں۔پاکستان ٹیم کے کوچ گرانٹ بریڈبرن نے کہا ہے کہ ہم چاہتے ہیں کہ ٹیم کی ہر پوزیشن پر دو کھلاڑیوں میں مقابلہ ہو کیونکہ انٹرنیشنل کرکٹ میں کسی بھی پلیئر کو ریلیکسڈ نہیں ہونا چاہیے۔ ٹی ٹونٹی ایک مشکل فارمیٹ ہے، اس میں جیت کیلئے اپنا ’اے گیم‘ دینا ضروری ہے، ہمارے پاس لاہور میں ہی سیریز جیتنے کا موقع تھا لیکن تیسرے میچ میں وکٹیں گنوادیں جبکہ پانچویں ون ڈے میں بھی ایسا ہوا اور ہم نے شاید 15 یا 20 رنز کم بنائے۔ٹی ٹونٹی سیریز کے دوران ہمارے لئے کافی چیزیں سامنے آئی ہیں، اس وقت پاکستان کا سکواڈ کافی بیلنسڈ ہے، موجودہ پاکستان ٹیم گزشتہ ایشیاکپ اور ورلڈکپ سے زیادہ بیلنسڈ ٹیم ہے، ہماری ٹیم چیمپئنز کی ٹیم ہے مگر ابھی ایک چیمپئن ٹیم نہیں بنی۔اہم بات یہ ہے کہ ہم کسی بھی حریف کو کمزور نہ تصور کریں، یہ سوچ کر کہ فل گیندیں کراتے جانے سے سامنے والا مس کردے گا غلط ہے، نیوزی لینڈ ایک بہت تگڑی ٹیم ہے، آپ جس حریف کےخلاف بھی کھیل رہے ہوں، آپ کو اپنا بہترین گیم دینا ہے، آخری میچ میں بیٹنگ مناسب تھی مگر باﺅلنگ اور فیلڈنگ نے مایوس کیا، اگر ایسے ہی مایوس کرتے رہے تو جیت مشکل ہوجائےگی۔ میری نظر میں ہماری باﺅلنگ کو دیکھ کر 190 رنز مناسب ٹوٹل تھا، ہم نے ڈیتھ اوورز میں بہتر بیٹنگ نہیں کی، 15 یا 20 رنز اور ہوتے تو نتیجہ مختلف ہوتا،باﺅلنگ میں بھی ہم مواقع کا ٹھیک طرح فائدہ نہ اٹھا سکے۔ اب آنے والے پانچ ون ڈے میچز ہمارے لئے کافی اہم ہیں، اس سیریز میں ہمارے پاس اپنے ون ڈے کے پلان پر کام کرنے کا اچھا موقع ہوگا، مکی آرتھر کے ساتھ پلان پر بات ہوئی ہے کہ ون ڈے میں کیا کرنا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ ٹیم کی ہر پوزیشن پر دو کھلاڑیوں میں مقابلہ ہو کیونکہ انٹرنیشنل کرکٹ میں کسی بھی پلیئر کو ریلیکسڈ نہیں ہونا چاہیے۔ پانچ ون ڈے میچز میں بھی بینچ سٹرینتھ کو موقع دیں گے، پلاننگ میں صرف ڈیٹا کو نہیں، حقائق کو بھی ذہن میں رکھتے ہیں،اگر ایشیاکپ اور ورلڈ کپ جیتنا ہے تو آپس کا مقابلہ بھی تگڑا کرنا پڑےگا، گزشتہ ایک سال جس طرح کھیلے ہیں اس سے ٹاپ ٹیم نہیں بنے ہیں، اگر اس ہی انداز سے کھیلے تو ہم دوسرے یا تیسرے نمبر پر ہی رہیں گے، ہمیں معلوم ہونا چاہیے کہ ایشیاکپ اور ورلڈکپ جیتنے کیلئے کس برانڈ کی کرکٹ کھیلنی ہے۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کی تقریب ٹرافی رونمائی آج ہوگی، پاکستان کے کپتان بابراعظم اور نیوزی لینڈ کے کپتان ٹاپ لیتھم تقریب میں شرکت کریں گے۔

ای پیپر دی نیشن