نیوزی لینڈ کی سابق وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن امریکا کی ہارورڈ یونیورسٹی میں پڑھائیں گی

واشنگٹن: نیوزی لینڈ کی سابق وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن امریکا کی ہارورڈ یونیورسٹی میں پڑھائیں گی۔ یونیورسٹی کے کینیڈی سکول کے ڈین ڈگلس ایلمن ڈارف کے مطابق وہ اپنے تدریسی فرائض کی انجام دہی رواں سال کے آخر سے شروع کریں گی اور سکول کے سینٹر فار پبلک لیڈرشپ میں 2023 اینجلوپولوس گلوبل پبلک لیڈرز فیلو اور ہاسر لیڈر کے طور پر کام کریں گی۔ امریکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ڈگلس ایلمن ڈارف نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جیسنڈا آرڈرن نے اپنے دو ر حکومت میں مضبوط اور ہمدرد سیاسی قیادت کا مظاہرہ کیا۔ واضح رہے کہ جیسنڈا آرڈرن 2017 میں صرف 37 سال کی عمر میں نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم بنی تھیں۔ ان کے دور اقتدار میں نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں ایک مسجد اور اسلامی مرکز میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں سفید فام نسل کی بالادستی کے قائل آسٹریلوی شہری نے 51 افراد کو قتل کر دیا گیا تھا۔ اس اندوہناک واقعہ کے دو ماہ بعد جیسنڈا آرڈرن نے فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کے ساتھ کرائسٹ چرچ کال کا آغاز کیا۔ اس اقدام کا مقصد آن لائن دہشت گردی اور پرتشدد انتہا پسندانہ مواد کو ختم کرنا تھا ۔ امریکا ، برطانیہ، جرمنی اور جنوبی کوریا سمیت 50 سے زائد ممالک اس اقدام میں شامل ہوئے۔نیز فیس بک کی پیرنٹ کمپنی میٹا، ایمیزون، گوگل، مائیکروسافٹ، یوٹیوب، زوم اور ٹویٹر جیسی ٹیکنالوجی کمپنیاں بھی اس مہم میں شامل ہوئیں۔

ای پیپر دی نیشن