راولپنڈی: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مذاکرات ایک جھانسا ہے، مذاکرات سے انہوں نے وقت چاہا. عید کی چھٹیاں بھی 5 دن کی دیں. پی ڈی ایم کی سیاسی موت عوام کے ہاتھوں لکھی جا چکی ہے۔
سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ 13 جماعتوں کے اجلاس کی بلی آج تھیلے سے باہر آگئی ہے. ان میں ایسی جماعتیں بھی ہیں جنہوں نے کبھی اسمبلی کا منہ نہیں دیکھا. 11 سو ارب، اپنے کیسز ختم کروانے، نیب کا ستیاناس کرنے اور ملزمان کو لندن بھیجنے کے بعد کہتے ہیں مسئلہ 3 کا یا 4 کا ہے۔عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے کہا کہ مسئلہ قانون اور آئین کا ہے جسکا علم عدلیہ بلند رکھے گی. عدلیہ قانون، آئین کے ماتحت اور پاکستان، تمام ادارے عدلیہ کے ماتحت ہیں.عدلیہ نے 14 مئی کو الیکشن کا فیصلہ دیا جو 90 دن سے آگے نہیں جا سکتے. پاکستان کا کوئی قانون دان آکر ٹی وی پر بتا دے کہ کوئی قانون جس کے تحت الیکشن 90 دن سے آگے جا سکتے ہیں۔سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے مزید کہا ہے کہ ان کے پاس امیدوار نہیں یہ بھاگ گئے. عمران خان کی مقبولیت میں اور اضافہ ہو گیا ہے، عمران خان نے اپنے امیدواروں کی لسٹ مکمل کر لی اور ان کے پاس لوگ نہیں ہیں، شکست ان کا مقدر ہے. الیکشن ہوں گے، عدلیہ جیتے گی. آئین جیتے گا اور قانون جیتے گا۔