اسلام نے یتیموں کے بے پناہ حقوق متعین کئے ہیں

مولانا قاری محمد سلمان عثمانی
اسلام نے مسلمانوں کو یتیم بچوں کے حقوق ادا کرنے اور اْن کے حقوق کی نگہبانی کرنے کی بڑی سختی سے تاکید کی ہے،اسلام ایک مکمل نظام حیات ہے، اس میں معاشرے کے ہر فرد کے حقوق کا خیال رکھا گیا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے کسی کو بے یار ومددگار نہیں چھوڑا۔ہر ایک کے لیے ایسے اسباب وذرائع مہیا کردیے ہیں کہ وہ آسانی کے ساتھ اللہ کی زمین پر رہ کر اپنی زندگی کے دن گزار سکے۔ یتیم ونادار اور لاوارث بچوں کے بھی معاشرتی حقوق ہیں، ان کی مکمل کفالت ان کے حقوق کی پاسداری ہے اور اس سے منہ موڑلینا انکے حقوق کی پامالی ہے۔ یتیم‘‘اس نابالغ بچے کو کہا جاتا ہے کہ جس کے سر سے اس کے باپ کا سایہ اْٹھ گیا ہو اور وہ شفقت پدری سے محروم ہو گیا ہو۔قرآنِ مجید میں اللہ تعالیٰ کا ارشادہے’’ترجمہ:اور یتیموں کو اْن کے مال دے دو اور اچھے مال کو خراب سے تبدیل نہ کرو، اور اْن(یتیموں) کا مال اپنے مال کے ساتھ ملاکر مت کھاؤ! بے شک یہ بڑا گناہ ہے‘‘(سور? النساء :02)یتیم کے حقوق پر اسلام نے بہت زور دیا ہے۔ اس کا اندازہ اس حقیقت سے لگایا جاسکتا ہے کہ قرآن حکیم میں تیئیس مختلف مواقع پر یتیم کا ذکر کیا گیا ہے جن میں یتیموں کے ساتھ حسن سلوک، اْن کے اموال کی حفاظت اور اْن کی نگہداشت کرنے کی تلقین کی گئی ہے، اور اْن پر ظلم و زیادتی کرنے والے، ان کے حقوق و مال غصب کرنیوالے کے لیے انتباہ ہے۔ ارشادِ باری تعالیٰ ہے:یتیم کا مال ناحق کھانا کبیرہ گناہ اور سخت حرام ہے۔ (سور الدھر) افسوس کہ لوگ اس کی بھی پروا نہیں کرتے۔ عموماً یتیم بچے اپنے تایا، چچا وغیرہ کے ظلم و ستم کا شکار ہوتے ہیں، انہیں اِس حوالے سے غور کرنا چاہیے۔ارشاد ربانی ہے:جو لوگ ناحق ظلم سے یتیموں کا مال کھا جاتے ہیں، وہ اپنے پیٹ میں آگ بھر رہے ہیں اور عنقریب وہ دوزخ میں داخل کیے جائیں گے اور یتیموں کا مال (جو تمہاری تحویل میں ہو) ان کے حوالے کردو اور ان کے پاکیزہ (اور عمدہ) مال کو (اپنے ناقص اور) برے مال سے نہ بدلو اور نہ ان کا مال اپنے مال میں ملا کر کھاؤ کہ یہ بڑا سخت گناہ ہے(سورۃ النساء )اللہ سبحانہ وتعالیٰ کا فرمان ہے اوریہ آپ سے یتیموں کے بارے میں سوال کرتے ہیں، آپ کہہ دیجیے کہ ان کی خیرخواہی کرنا بہتر ہے اوراگرتم ان کا مال اپنے مال میں ملا بھی لو تووہ تمہارے بھائی ہیں، اللہ تعالیٰ بدنیت اورنیک نیت ہر ایک کو خوب جانتا ہے، اوراگر اللہ تعالیٰ چاہتا تو تمہیں مشقت میں ڈال دیتا، یقیناً اللہ غالب اورحکمت والا ہے(سورۃالبقرہ 220)جس کے زیر سایہ کوئی یتیم ہو تو اسے چاہئے کہ وہ اس یتیم کی اچھی پرورش کرے، اَحادیث میں یتیم کی پرورش اوراس سے حسن سلوک کے بے شمارفضائل بیان کئے گئے ہیں۔حضرت عبداللہ بن عباسؓ سے روایت ہے، امامْ الانبیاءؐنے ارشاد فرمایا: ’’جس نے مسلمانوں کے کسی یتیم بچے کے کھانے پینے کی ذمہ داری لی، اللہ تعالیٰ اْسے جنت میں داخل فرمائے گا۔(جامع ترمذی)رسول اکرم ؐنے تو یتیم کی کفالت کرنے کو جنت میں اپنے ساتھ ہونے کی بشارت سے نوازا ہے کہ وہ جنت میں آپؐ کے ساتھ ہو گا۔حضرت سہل بن سعد  بیان کرتے ہیں کہ رسول اکرمؐ نے فرمایا میں اوریتیم کی کفالت کرنیوالا جنت میں اس طرح ہوں گے اور آپؐ نے اپنی انگشت شہادت اوردرمیانی انگلی کے درمیان تھوڑا سافاصلہ کرکے اشارہ کیا(صحیح بخاری)۔ رسول اللہؐ کا ارشاد پاک ہے ’’اگر تم چاہتے ہو کہ تمہارا دل نرم ہوجائے تو تم یتیم کے سر پر ہاتھ پھیرا کرواوراسے کھلایا کرو‘‘ (السنن الکبریٰ للبیہقی :7095 ) حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ حضور نبی کریم?نے ارشاد فرمایا ’’مسلمانوں کا سب سے اچھا گھر وہ ہے جس میں کوئی یتیم ہواور اْس کے ساتھ اچھا سلوک کیا جاتا ہواور سب سے برْا گھر وہ ہے جس میں کوئی یتیم ہو اور اْس کے ساتھ برا سلوک کیا جاتا ہو، میں اور یتیم کی کفالت کرنے والا جنت میں اِس طرح ہوں گے اور آپ نے اپنی دو انگلیوں سے اشارہ فرمایا‘‘ (الزہد والرقائق لابن المبارک:654)آج ہمارے اس معاشرے میں یتیموں کو تنقید کی نگاہ سے دیکھا جا تاہے،اور ان کو ایک کم تر تصور کیا جا تا ہے حالانکہ اسلام نے یتیموں کے بے پناہ حقوق متعین کئے ہیں،اور آج کل یتیموں کے ساتھ ظلم و ستم اور حق تلفی کا بازار گرم ہے۔ دنیا کو حاصل کرنے کی خواہش نے انسان کو اندھا کر دیا ہے حتیٰ کہ وہ خونی رشتوں کو بھی بھلا بیٹھا ہے۔ یتیم ٹھوکریں کھاتے پھرتے ہیں، کوئی ان کا پرسان حال نہیں رہتا ان کی جائیداد پر قبضہ کرلیا جاتا ہے جو کہ انتہائی نامناسب کام ہے حضرت ابن عمرؓ فرماتے ہیں کہ رسول اللہؐ نے فرمایا سب گھروں میں باعزت وہ گھر ہے جس میں یتیم کی عزت ہو(ترمذی 456جلد 2) عید کے موقع پر حضور اکرمؐ نے ایک یتیم بچے کو پریشان حال دیکھا تو اسے اپنے گھر لے آئے اور فرمایا کیا تو اس بات پر راضی نہیں ہیں کہ میں محمد ؐباپ بن جاؤں اور حضرت عائشہ ؓتیری ماں بن جائے۔ ان تمام قر آن و حدیث سے ثابت ہو گیا کہ یتیم کیسے حقوق رکھتا ہے؟ جہاں ہم معاشرے میں دیگر امور کی طرف توجہ کرتے ہیں،اپنی روزمرہ زندگی گزارنے میں اپنا وقت گزارتے ہیں وہاں معاشرے یتیم کی جانب دیکھنا بھی ہماری زندگی کا حصہ ہے وہ ہماری امداد،محبت،پیارکے منتظر ہو تے ہیں،خواہ وہ اپنے رشتہ دار ہوں یا اہل محلہ یا کہیں بھی رہتے ہوں،ان کا مداوا کرنا صاحب حیثیت کی ذمہ داری ہے،بہر حال ہمیں ہر حال میں ان امور کی جانب توجہ کرتے ہو ئے یتیم کے حقوق کا خیال بھی رکھنا ہو گا۔اللہ تعالیٰ ہم سب کو عمل کی توفیق نصیب فرمائے۔

ای پیپر دی نیشن