لاہور(کامرس رپورٹر )ایتھوپیا کے سفیر جمال بکر عبداللہ نے لک افریقہ اور انگیج افریقہ کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ سرمایہ کاروں کو افریقہ میں کام کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ وہاں سرمایہ کاری کو تحفظ حاصل ہے۔ وہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں خطاب کر رہے تھے۔ لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا جبکہ اس موقع پر سینئر نائب صدر ظفر محمود چوہدری، نائب صدر عدنان خالد بٹ اور کراچی میں ایتھوپیا کے اعزازی قونصل جنرل ابراہیم خالد تواب نے بھی خطاب کیا۔سفیر نے لاہور چیمبرکے وفد کو ایتھوپیا کے دورے کی دعوت بھی دی۔ صدر کاشف انور نے کہا پاکستان اور ایتھوپیا نے حال ہی میں دوطرفہ تجارتی معاہدے پر دستخط کیے ہیں جو یقینی طور پر باہمی تجارتی حجم میں اضافہ کرے گا۔سفیر نے کہا کہ لاہور چیمبر کا پاکستان اور عالمی سطح پر کاروبار کے فروغ میں اہم کردار ہے۔