لاہور(سپورٹس رپورٹر)وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود کا کہنا ہے کہ کون سی فیڈریشن حقیقی ہے اس بات کا فیصلہ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کریگی، جس کو ایف آئی ایچ تسلیم کرے گی حکومت بھی اس کو مانیگی۔پاکستان ہاکی فیڈریشن میں متوازی فیڈریشنز کے بحران کو حل کرنے کیلئے وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود نے دونوں گروپوں کے نمائندوں سے ملاقات کی۔ رانا مشہود نے فریقین سے الگ الگ ملاقات کی جس میں دونوں کا مؤقف سنا گیا۔انہوںنے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح ہاکی کو جاری رکھنا ہے اس لیے اس بات پر اتفاق ہوا ہے کہ دونوں گروپوں کے علیحدہ علیحدہ کیمپس کو یکجا کرکے اس میں سے اذلان شاہ کپ کیلئے ٹیم بنائی جائیگی۔ ٹیم کے انتخاب کیلئے تین رکنی سلیکشن بورڈ تشکیل دیا گیا ہے جس کے سربراہ کوچ رولینٹ اولٹمنز ہوں گے جبکہ اس میں ڈی جی پی ایس بی اور اولمپک ایسوسی ایشن کا ایک نمائندہ بھی شامل ہوگا، دو روزہ ٹرائلز کے بعد ٹیم منتخب ہوگی جو دو مئی کو اذلان شاہ کپ میں شرکت کیلئے ملائیشیا جائیگی۔