پاکستان اہم ترین شراکت داروں میں سے ایک، مختلف شعبوں میں تعاون جاری: امریکہ

واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ) امریکہ نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں ہمارے اہم ترین شراکت داروں میں سے ایک ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے پرنسپل ڈپٹی ترجمان نے پریس بریفنگ میں کہا کہ ہمارا پاکستان کے ساتھ سکیورٹی اور تجارت کے شعبوں میں تعاون جاری ہے۔ پاکستانی وزیر خزانہ امریکہ کے دورے کے دوران محکمہ خارجہ کے ارکان سے مشاورت کے لئے ملے۔ پاکستان اور امریکہ کا مضبوط رشتہ ہے اور ہم اسے مزید مضبوط بنانے کے خواہاں ہیں۔ دریں اثناء امریکی اور پاکستانی حکام نے تجارت اور سرمایہ کاری کے فریم ورک معاہدے کے تحت ملاقات کی۔ ترجمان امریکی سفارتخانہ کے مطابق ملاقات میں ریگولیٹری طریقوں، ڈیجیٹل تجارت، خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے پر بات چیت کی گئی۔ امریکہ طویل عرصے سے پاکستان کی سب سے بڑی برآمدی منڈی رہا ہے، مزید ترقی کے امکانات ہیں۔ 2023ء میں امریکہ نے پانچ بلین ڈالر کی پاکستانی اشیاء درآمد کیں۔ مجموعی طور پر امریکہ اور پاکستان کی اشیاء کی تجارت سات بلین ڈالر کی تھی۔ امریکہ بھی گزشتہ 20 سالوں سے پاکستان میں ایک سرکردہ سرمایہ کار رہا ہے۔ اس وقت 80 سے زائد امریکی کمپنیاں پاکستان میں کام کر رہی ہیں۔ یہ کمپنیاں پاکستانی مارکیٹ میں اعلیٰ معیار کی اشیاء فراہم کرتی اور لاکھوں پاکستانیوں کو روزگار فراہم کرتی ہیں۔

ای پیپر دی نیشن