سٹاک مارکیٹ، کاروباری مندی سے سرمایہ کاروں کو 16 ارب روپے سے زائد خسارہ  

کراچی (کامرس رپورٹر) پاکستان سٹاک مارکیٹ جمعرات کو کاروباری اتار چڑھاؤ کے بعد مندی کا شکار ہو گئی اور مارکیٹ 72ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد گنوا بیٹھی جبکہ  80پوائنٹس کی کمی سے انڈیکس 71900پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔ کاروباری مندی سے سرمایہ کاروں کو16ارب روپے سے زائد کا خسارہ برداشت کرنا پڑا جبکہ49.10فیصد حصص کی قیمتیں بھی گھٹ گئیں۔ پاکستان سٹاک مارکیٹ میںاگرچہ کاروباری تیزی سے مارکیٹ 72500پوائنٹس کی سطح کو چھو گئی تھی تاہم منافع کی خاطر بعض سٹاکٹس میں فروخت کے دباؤ سے مارکیٹ ایک موقع پر 71700پوائنٹس کی پست سطح پر ٹریڈ ہوتی دیکھی گئی۔ جمعرات کے روز کے ایس ای 100انڈیکس میں 80.49پوائنٹس کی کمی واقع ہوئی جس سے انڈیکس 72051.89پوائنٹس سے گھٹ کر 71971.40پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ کے ایس ای 30انڈیکس 58.77پوائنٹس کی کمی سے 23749.05پوائنٹس پر آگیا تاہم کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 47172.82پوائنٹس سے بڑھ کر47174.95پوائنٹس پر جا پہنچا۔کاروباری اتار چڑھاؤکے باعث رونما ہونے والی مندی سے مارکیٹ کے سرمائے میں 16ارب 54کروڑ 21لاکھ 92ہزار 22روپے کی کمی واقع ہوئی جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 99کھرب 69ارب 11کروڑ 87لاکھ 1ہزار 406روپے سے گھٹ کر 99کھرب 52 ارب 57کروڑ 65لاکھ 9ہزار 384روپے رہ گیا۔ دریں اثناء انٹربنک روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر بڑھ گئی جبکہ مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر سستا ہو گیا۔ فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق جمعرات کو انٹربنک میں 10پیسے کے اضافے سے ڈالر کی قدر 278.45روپے سے بڑھ کر 278.55روپے ہو گئی تاہم اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں 13پیسے کی کمی واقع ہوئی جس سے ڈالر کی قدر 279.82روپے سے گھٹ کر 279.69روپے پر آ گئی۔ فاریکس رپورٹ کے مطابق یورو کی قدر میں 19پیسے کا اضافہ ہوا۔ علاوہ ازیں ملکی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمت میں 500 روپے فی تولہ کا اضافہ ہوا جس کے بعد سونے کی قیمت فی تولہ 2لاکھ 42ہزار 500 روپے ہو گئی۔ آل پاکستان سپریم کونسل جیولرز ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق جمعرات کو دس گرام سونے کی قیمت میں 429 روپے کا اضافہ دیکھنے میں آیا جس سے دس گرام سونا 2لاکھ 7ہزار 905روپے کا ہو گیا۔

ای پیپر دی نیشن