جان بچانے والی ادویات کی قلت، انسولین سمیت 27اہم غائب 

Apr 26, 2024

کراچی(آئی این پی)ملک بھر  میں ایک بار  پھر جان بچانے والی ادویات کی قلت ہوگئی، انسولین سمیت 27اہم ادویات میڈیکل اسٹورز  پر دستیاب نہیں۔ دوسری جانب  ڈریپ حکام نے دعوی کیا ہے کہ ملک میں ادویات کی کوئی بڑی قلت نہیں، سپلائی چین کے مسائل ہو سکتے ہیں،نجی ٹی وی کے مطابق ڈرگ انسپکٹر سندھ کا کہنا ہے کہ کراچی میں انسولین سمیت 27اہم ادویات میڈیکل اسٹورز  پر دستیاب نہیں ہیں اور سیکرٹری صوبائی ڈرگ کوالٹی کنٹرول بورڈ سندھ سید عدنان رضوی نے خط لکھ کر  پورے صوبے  کے ڈرگ انسپکٹرزکو عدم دستیاب ادویات کا سروے کرنے کا حکم دیا ہے۔حکام کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور گرد و نواح میں بھی 30اہم ادویات مارکیٹ میں دستیاب نہیں ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ عدم دستیاب ادویات میں اینٹی بائیوٹکس، نفسیاتی و دماغی امراض اور دمے کی ادویات شامل ہیں جبکہ ٹیٹنس کے انجیکشن اور مختلف اقسام کے انہیلرز کی بھی شدید قلت ہے۔ دوسری جانب ڈریپ حکام نے دعوی کیا ہے کہ ملک میں ادویات کی کوئی بڑی قلت نہیں، سپلائی چین کے مسائل ہو سکتے ہیں۔ڈریپ حکام کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں ہفتہ وار بنیاد پر ادویات کی موجودگی کا سروے کراتے ہیں، انسولین وافر مقدار میں موجود ہے اور مریضوں کو دستیاب بھی ہے، انسولین کی قلت کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

مزیدخبریں