آگ کا دریا عبور کر کے وزارت اعلیٰ تک پہنچی: مریم نواز، پاسنگ آؤٹ پریڈ میں پولیس یونیفارم پہن کر شرکت

لاہور (نامہ نگار+نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ میں لیڈی کانسٹیبل اور ٹریفک اسسٹنٹ کی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں پولیس یونیفارم پہن کر شرکت کی۔ مریم نواز شریف کو پولیس ٹریننگ کالج آمد پر روایتی پولیس ''کین بیٹن'' پیش کی گئی۔  لیڈی پولیس کانسٹیبل اور ٹریفک اسسٹنٹ کے چاک و چوبند دستوں نے جنرل سلامی پیش کی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے جیپ پر پاسنگ آئوٹ پریڈ کا معائنہ کیا۔ پاس آؤٹ ہونے والی لیڈی پولیس کانسٹیبل اور ٹریفک اسسٹنٹ نے حلف بھی اٹھایا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے لیڈی پولیس کانسٹیبل اور ٹریفک اسسٹنٹ ٹریننگ میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی اہلکاروں میں انعامات و اعزازات تقسیم کیے۔ مریم نواز شریف نے مظفر گڑھ کی لیڈی کانسٹیبل طیبہ امین کو اعزازی تلوار سے نوازا۔ مریم نواز شریف نے پاس آؤٹ ہونے والی لیڈی پولیس کانسٹیبل اور ٹریفک اسسٹنٹ کے ساتھ مل کر نعرہ تکبیر اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پاس آؤٹ ہونے والی لیڈی پولیس کانسٹیبل اور ٹریفک اسسٹنٹ کو محنت، لگن، دیانت داری اور پروفیشنلزم کی تلقین کی۔ وزیر اعلیٰ نے  خطاب  میں  کہا کہ پاس آؤٹ پریڈ میں شامل لیڈی پولیس بہت الرٹ ہیں،خوشی ہے کہ پاکستان کے پاس اتنا زیادہ ٹیلنٹ ہے۔ آئی جی پنجاب کو ہدایت کی ہے کہ 7ہزار خواتین پولیس اہلکار کم ہیں ان کی تعداد میں اضافہ کیا جائے۔ وقت آئے گا کہ جب لیڈی پولیس کی تعداد 50فیصد سے تجاوز کرجائے گی۔ خواتین بہت محنتی ہے، سپر ہیومین کی طرح کام کرتی ہیں، مائیں بھی، بیٹیاں بھی، بہنیں اور پروفیشنل بھی ہیں۔ جتنی محنت سے خواتین کام کرتی ہیں کوئی سوچ بھی نہیں سکتا، سب کو سلیوٹ، سب کو سلام۔ خوشی ہوئی کہ اس دفعہ پولیس سوارڈ آف آنر ایک نوجوان خاتون کو دی۔ میری بہنوں، بیٹیو مجھے آپ پر فخر ہے۔ پہلی بار پولیس یونیفارم پہنا تو احساس ہوا پولیس کی نوکری یا سی ایم کا حلف ہو بہت ہی ذمہ داری کا کام ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ آفس میں ہم فیصلے کرتے ہیں آپ اس پر عملدرآمد کراتے ہیں، آپ پر بھاری ذمہ داری ہے۔ خواتین نرم دل ہوتی ہیں، جلد معاف کر دیتی ہے لیکن لیڈی پولیس کانسٹیبلز آپ نے صرف اور صرف انصاف سے کام کرنا ہے۔ آپ کی تمام تر ہمدردیاں مظلوم کے لیے ہونی چاہیے، ظالم کے لیے دل میں کوئی جگہ نہیں ہونی چاہیے، ظالم کو سزا دینی ہے۔  میرے دل میں انتقام کا جذبہ نہیں ہوتا، ظالم کو سزا دیتے ہوئے بھی تکلیف ہوتی ہے۔ جس معاشرے میں انصاف نہیں ہوتا، معاشرہ تباہ  ہوجاتا ہے، مظلوم کی داد رسی کریں اور انصاف دلوائیں۔ اپنے والد کو دن بھر کے معاملات کے بارے میں آگاہی دیتے ہوئے ان کے چہرے کا فخر دیکھ کر بہت خوش ہوتی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے اس منصب پر آنے کے لئے خود کو ثابت کرنا پڑا، آگ کے دریا میں سے گزر کر پہنچی ہوں۔ تمام والدین کو سلام پیش کرتی ہوں، بیٹیوں پر اعتماد کریں، ساتھ دیں یہ آپ کا سر فخر سے بلند کریں گی۔ نواز شریف اور  شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کروں گی کہ ملک میں جہاں بھی ترقی نظر آتی ہے وہاں پر ان کا ہی نام ہے۔ نواز شریف کے دور کے ترقی کے ورثہ کو لیکر چلنے کی بہت بھاری ذمہ داری ہے، مجھے اسے مزید مضبوط کرنا ہے۔ ٹریننگ کالج کے لئے کسی بھی قسم کی مدد کی ضرورت ہوتو مجھے بتائیں میں ہر وقت حاضر ہوں۔ مریم نواز شریف نے گجرات کے عزیز بھٹی شہید ہسپتال کی چھت گرنے کے معاملہ کا سخت ایکشن لیا ہے۔  ایم ایس برطرف اور بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ کے تین افسر معطل کر دیئے ہیں۔ ایم ایس عزیز بھٹی شہید ہسپتال گجرات کو عہد ے سے ہٹا دیا گیا۔ ایڈیشنل چارج ایم ایس ڈاکٹر آصف محمود کو محکمہ صحت میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی۔ معطل ہونے والے محکمہ بلڈنگ کے ایگزیکٹو انجینئر محمد رؤف، ایس ڈی او فواد منیر اور سب انجینئر سرتاش احمد شامل ہیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر 10رکنی انکوائری کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔ کمشنر گوجرانوالہ خصوصی کمیٹی کے سربراہ ہوں گے۔ خصوصی کمیٹی میں ڈپٹی کمشنر گجرات، ماہرین تعمیرات، اور دیگر حکام شامل ہوں گے۔ خصوصی کمیٹی 72گھنٹے میں ہسپتال کی چھت گرنے کے واقعہ پر رپورٹ پیش کرے گی۔ عالمی دن پر پیغام میں  مریم نواز شریف نے کہا کہ  انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی (ICT) خواتین کو بااختیار بنانے کے  مواقع فراہم کرتا ہے۔ اپنے معاشرے کو ترقی یافتہ بنانے کیلئے ضروری ہے کہ ہماری بچیاں انفارمیشن ٹیکنالوجی سکلز حاصل کریں۔ پنجاب کو ایسا آئی سی ٹی بیسڈ صوبہ بنانا چاہتی ہوں جہاں صنفی امتیاز کے بغیر ٹیکنالوجی سب کے لیے قابل رسائی ہوں۔ پاکستان میں لڑکیوں کو آئی سی ٹی اور فری لانسنگ کے ذریعے  بااختیار بنایا جا سکتا ہے۔  علاوہ ازیں مریم نواز شریف پولیس ٹریننگ سکول میں پاسنگ آؤٹ پریڈ کے بعد لیڈی کانسٹیبل اور ٹریفک  اسسٹنٹ کے والدین سے ملنے کے لئے پویلین پہنچ گئیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے پاس آؤٹ ہونے والی لیڈی کانسٹیبل اور ٹریفک اسسٹنٹ کی والدین کو مبارکباد دی اور خواتین سے مصافحہ کیا۔ تقریب میں موجود لیڈی کانسٹیبل کے دادا نے وزیر اعلی مریم نواز کو سر پر ہاتھ رکھ کر دعائیں دیں۔ دو لیڈی کانسٹیبل کے والدین سے وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’آپ کو ڈبل مبارک‘‘ اور مجھے بھی مبارک باد، یہ میری بھی بیٹیاں ہیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف سے ایک بزرگ نے قائد نواز شریف کو ’’آئی لو یو‘‘ کہنے کا مطالبہ بھی کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف لیڈی کانسٹیبل اور ٹریفک اسسٹنٹ سے بھی ملاقات کی، بچیوں سے مصافحہ اور تصاویر بھی بنوائیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے تھری ناٹ تھری گن چیک کی اور تھا م کر تصویر بنوائی۔ مریم نوازشریف کی زیر صدارت پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ کمیٹی روم میں اجلاس ہوا جس میں امن وامان سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔  اجلاس میں پولیس، پراسیکیوشن میں بہتری کے لئے  اقدامات پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب میں سماج دشمن اور جرائم پیشہ عناصر کے لئے اب کوئی جگہ نہیں۔کچے میں پوری قوت سے گینگ کا خاتمہ کیا جائے گا۔کچے کے ڈاکوؤں کے لئے کوئی رحم اور نرمی نہیں۔ کچے کے علاقے میں آپریشن کے لئے جدید ترین آلات اور اسلحہ دیں گے۔ پولیس کو پورے وسائل مہیا کریں گے، کرائم کو ہر صورت میں ختم کرنا ہے۔ اہم پوسٹنگ صرف ایماندار اور بہادر پولیس افسروں کو دی جائے۔ پولیس کی تھرڈ پارٹی مانیٹرنگ کے لئے خصوصی سیل بنایا جائے۔ پڑھے لکھے نئے نوجوانوں کو انویسٹی گیشن آفیسر لگایا جائے گا۔ منشیات پر زیروٹالرنس ہے، سپیشل فورس بھی بنائیں گے۔ منشیات کے لین دین میں ملوث ہر چھوٹے بڑے شخص پر بلا جھجک ہاتھ ڈالیں۔ بچے کے منشیات کا عادی ہونے پر والدین پر کیاگزرتی ہو گی۔ قوانین کے نفاذ میں کمی نہیں برداشت کی جائے گی۔ مریم نواز شریف سے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے ملاقات کی۔ صوبائی وزراء، بلال یٰسین، خواجہ سلمان رفیق، سید عاشق حسین کرمانی اور مجتبیٰ شجاع الرحمن بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اور عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مریم نوازشریف نے کہا کہ عام آدمی کی فلاح سب سے زیادہ عزیز ہے، بلا تفریق عوام کی خدمت کر رہے ہیں۔ صوبے میں ترقیاتی کاموں کا آغاز ہوچکا ہے، جلد ان کے ثمرات عوام تک پہنچنا شروع ہو جائیں گے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ مریم نواز شریف توقعات سے بڑھ کر کام کررہی ہیں۔ سستی روٹی، ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن، بے گھر افراد کے لئے اپنی چھت…… اپنا گھر جیسے پراجیکٹ اپنی مثال آپ ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں دیگر محکموں سمیت محکمہ صحت دن رات بہتری کی جانب گامزن ہے۔ سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کا تاریخی کسان پیکیج صوبائی پیداوار بڑھانے میں گیم چینجر ثابت ہوگا۔ بلال یٰسین نے کہا کہ وزیر اعلی مریم نواز شریف کی ہدایت پر 16روپے فی روٹی مہیا کی جارہی ہے، جہاں کوتاہی نظر آتی ہے فوری ایکشن لیا جارہا ہے۔ مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف عوام کی فلاح و بہبود کے لئے دن رات کوشاں ہیں۔ 

ای پیپر دی نیشن