اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ پروفیسر احسن اقبال کی زیر صدارت وزارت میں قومی کھیلوں اور نارووال سپورٹس کمپلیکس کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ وفاقی وزیر کی ہدایت کے مطابق 2025ء کا سال کھیلوں کے احیاء کے طور پر منایا جائے گا۔ اوراس حوالے سے وفاقی وزیر احسن اقبال نے قومی کانفرنس کا جلد انعقاد کروانے کی ہدایت جاری کیں۔ کانفرنس میں 50 سے 60 موجودہ اور سابق کھلاڑیوں سمیت صوبائی ایسوسی ایشنز اور دیگر سٹیک ہولڈرز کو مدعو کیا جائے گا تاکہ ان سے ملک میں کھیلوں کی بہتری کے لئے تجاویز لی جا سکیں۔ اجلاس میں نارووال سپورٹس سٹی کے نامکمل کام جلد از جلد مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال کی زیر صدارت پاک چین اقتصادی راہداری جوائنٹ ورکنگ گروپس اور 13 جے سی سی کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں گزشتہ سال ہونے والی 12 ویں جے سی سی اور ورکنگ گروپس کی سفارشات پر عمل درآمد جبکہ ایم ایل دن قراقرم ہائی وے فیز 2 ڈی آئی خان ژوب کراچی سرکلر ریلوے اور دیگر منصوبوں پر ہونے والی معاہدوں پر پیش رفت کا جائزہ بھی لیا گیا۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہبازشریف جلد چین کا دورہ کریں گے۔ وفاقی وزیر کی جانب سے حکام کو ایم او یوز اور معاہدوں پرعملدرآمد کے لئے لائحہ عمل طے کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سی پیک معاہدوں پر عملدرآمد کی راہ میں حائل کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی جبکہ انہوں نے سی پیک کے حوالے سے تشکیل دیئے گئے ورکنگ گروپس کے اجلاسوں کے انعقاد میں باقاعدگی لائی جائے۔
وزیراعظم جلد چین جا کر سی پیک میں رکاوٹیں دور کریں گے: احسن اقبال
Apr 26, 2024