مریم نواز کا پولیس یونیفارم پہننا معاملہ،اندراج مقدمہ کی درخواست پر پولیس سے جواب طلب

 لاہور کی سیشن عدالت کے جج نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی پولیس کی وردی پہننے پر اندراج مقدمہ کی درخواست پر پولیس حکام سے جواب طلب کرلیا،ایڈیشنل سیشن جج مظفر نواز ملک نے درخواست پر سماعت کی، درخواست آفتاب باجوہ ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر کی گئی۔درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ مریم نواز نے پولیس آفیشل کی وردی پہنی، قانون کے مطابق کوئی بھی شخص ریاستی اداروں کی وردی نہیں پہن سکتا۔ درخواست میں مزید کہا گیا کہ پولیس کو وزیراعلیٰ پنجاب کے خلاف درخواست دی مگر کارروائی نہیں ہوئی، عدالت پولیس کی وردی پہننے پر مریم نواز کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے۔ عدالت نے مریم نواز کے خلاف مقدمہ درج نہ کرنے کے خلاف درخواست سماعت کیلئے منظور کر لی اور پولیس یونیفارم پہننے پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کیخلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست پر پولیس حکام سے 29اپریل کو جواب طلب کر لیا۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور میں چوہنگ پولیس ٹریننگ کالج میں پاسنگ آوٴٹ پریڈ کی تقریب میں پولیس یونیفارم پہن کر شرکت کی تھی۔ مریم نوازنے پولیس وردی میں ملبوس ہو کر پریڈ کا معائنہ کیاتھا۔پنجاب پولیس کی وردی پہننے پر وزیراعلی پنجاب مریم نواز کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست سیشن کورٹ لاہور میں دائر کی گئی تھی۔درخواست گزار کا کہنا تھا کہ مریم نواز نے پولیس آفیشل کی وردی پہنی، مریم نواز کے ساتھ موجود پولیس اہلکاروں نے بھی انہیں پولیس کی وردی پہننے سے نہیں روکاتھا۔درخواست میں مزید کہا گیا کہ واضح قانون موجود ہے کہ کسی بھی جرم کے خلاف اگر پولیس کو درخواست دی جائے تو پولیس اس درخواست کو درج کرنے کی پابند ہے۔

ای پیپر دی نیشن