اسلام آباد : مرکزی رہنما تحریک انصاف عمر ایوب کا کہنا ہے کہ پنجاب پولیس ان ڈسپلن فورس بن چکی ہے۔رہنما تحریک انصاف عمر ایوب کا کہنا تھا کہ پنجاب کا آئی جی کرپٹ ترین آدمی ہے، آئی جی پنجاب نے اپنی آخرت خراب کی ہے، پنجاب پولیس فورس نہیں رہی، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان اور محسن نقوی کی وجہ سے پولیس فورس ڈسپلن فورس سے ان ڈسپلن فورس بنی ہے۔انہوں نے کہا کہ سانحہ بہاولنگر واقعے کو دیکھیں وہاں بغیر وارنٹ گھر میں گئے، ہمارے گھروں میں پنجاب اور باقی صوبوں کی پولیس فورسز گلدستےلیکر آتی تھی؟ بہاولنگر واقعے پر جوڈیشل انکوائری ہونی چاہیے، یہ پولیس گردی خاتمہ کیا جائے۔رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی اسلام آباد میں بھی پرامن ریلیاں نکلیں گی.کسی قسم کی دفعہ 144کی ضرورت نہیں ہے. پنجاب میں کل رات سے ہمارے ورکرز کے گھروں میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔
عمر ایوب کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی کے ساتھ چھوٹے سے کمرے میں ظلم ہورہا ہے، بشریٰ بی بی کو شوکت خانم کے ڈاکٹرز مہیا کیے جائیں، ہماری ڈیمانڈ ہے بشریٰ بی بی کو عدت کیس میں رہا کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تین کروڑ لوگوں نے پی ٹی آئی کو ووٹ دیا ہے، یہ حکومت فارم 47کی بیساکھیوں پر آئی ہے، زندگی ،موت اور حکومت کی تبدیلی کا کوئی پتہ نہیں لگتا۔