لاہورہائی کورٹ کے جسٹس سید منصورعلی شاہ نے انتیس صفحات پر مشتمل اپنے فیصلے میں قراردیا ہے کہ عوام کے اعتماد کو ٹھیس پہنچانے والے منتخب نمائندوں کی اہلیت کا ہر صورت نوٹس لیا جائے گا، اس سلسلے میں جب بھی اعلیٰ عدلیہ سے رجوع کیا جائے گا تو عدالت خاموش نہیں رہے گی۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ اٹھارہویں ترمیم کے بعد اسمبلیوں میں صادق اور امین افراد کی رسائی میں عدلیہ کا کردار گیٹ کیپر کا ہے۔ آئین کا تقاضا ہے کہ بہترین اور باکردارشخصیات ہی اسمبلیوں تک پہنچیں۔ عامر یار واران آئین کے آرٹیکل باسٹھ پر پورا نہیں اترتے لہذا انہیں الیکشن لڑنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔