سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کےصاحبزادے شہباز تاثیر کو نامعلوم افراد نے گن پوائنٹ پر اغوا کرلیا۔

Aug 26, 2011 | 07:07

سفیر یاؤ جنگ
حساس اداروں کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کےمطابق شہباز تاثیر آج صبح کیولری گراؤنڈ میں واقع اپنی رہائش گاہ سے گلبرگ اپنے آفس جارہے تھے کہ حسین چوک کے قریب چار موٹر سائیکل سواروں نے انہیں گن پوائنٹ پر اغوا کر لیا ۔اغواء کاروں نے یہ واردات چندلمحوں میں مکمل کی اور جاتے ہوئے فردوس مارکیٹ کے قریب ایک خودکار گن بھی پھینک گئے ۔ پولیس نے جائے وقوعہ پر موجود شہاز تاثیر کی گاڑی سے ان کا آئی فون، بلیو پاسپورٹ اور دیگر سامان قبضے میں لے لیا ہے۔ اغواء کی اس ہائی پروفائل واردات کا علم ہوتے ہی اعلیٰ پولیس افسران موقع پر پہنچ گئے جبکہ گلبرگ سمیت شہر سے باہر جانےوالے تمام راستوں کی ناکہ بندی کردی گئی۔ دوسری جانب وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نےشہباز تاثیرکے اغواء کے بعد مقتول گورنرسلمان تاثیر کی صاحبزادی شہربانو تاثیر اور آئی جی پنجاب جاوید اقبال سے رابطہ کیا۔ وزیر اعظم نے انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کو مغوی کو فوری طور پر بازیاب کرانے کے احکامات جاری کیے۔ مغوی شہباز تاثیر مقتل گورنر سلمان تاثیر کے چوتھے صاحبزادے ہیں انکے علاوہ سلمان تاثیر کے بیٹوں میں شان تاثیر، شہریار تاثیراور آتش تاثیر شامل ہیں ۔
مزیدخبریں