کنٹرول لائن: پٹرولنگ کے دوران حادثہ میں میجر صدام ملک شہید

Aug 26, 2013

وادی نیلم (آن لائن) لائن آف کنٹرول پر وادی نیلم میں بھمبر کے قریب ایک حادثے کے نتیجے میں پاک فوج کے میجر صدام ملک شہید ہوگئے۔ عسکری حکام کے مطابق پاک فوج کے میجر صدام گذشتہ شب وادی نیلم میں لائن آف کنٹرول پر پٹرولنگ کے دوران بھمبھر کے قریب گہری کھائی میں گرکر شہید ہوگئے۔ حادثہ گذشتہ شب گیارہ بجے لائن آف کنٹرول پر پیش آیا۔ عسکری حکام کے مطابق نماز جنازہ کے بعد میت ضلع چکوال بھیج دی گئی۔ ثناءنیوز کے مطابق میجر ملک صدام حسین کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ اُن کے آبائی قصبہ گفانوالہ (ضلع چکوال) میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ میجر صدام گھوڑے پر سوار لائن آف کنٹرول پر بھارتی فائرنگ کا جائزہ لے رہے تھے کہ اس دوران بھارتی گولہ باری سے گھوڑا بدک گیا اور میجر صدام گہری کھائی میں جا گرے اور زخموں کی تاب نہ لا کر شہید ہو گئے۔ اس وقت وہ بھارتی فوج کی اشتعال انگیز فائرنگ کے نتیجے میں اپنے فرائض منصبی سر انجام دے رہے تھے۔ شہید نے سوگواروں میں نوجوان بیوہ، ایک تین سالہ بیٹا، دو بہنوں اور پانچ بھائیوں کو سوگوار چھوڑا ہے۔ وہ حاجی عبد الحمید کے صاحبزادے تھے۔ نماز جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی اور منگلا کینٹ سے آئی ہوئی رجمنٹ نے شہید کے جسد خاکی کو سلامی دی۔ بعدازاں فوجی افسروں نے شہید کی قبر پر پھولوںکی چادر چڑھائی۔

مزیدخبریں