ایشیا کپ ہاکی: ملائیشیا کو شکست دےکر پاکستان سیمی فائنل میں پہنچ گیا

Aug 26, 2013

ایپوہ (نوائے وقت رپورٹ + اے پی پی) نویں مینز ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان نے میزبان ملائیشیا کو 4-1 گول سے ہرا کر مسلسل دوسری کامیابی حاصل کر لی۔ فاتح ٹیم کی طرف سے زبیر، دلبر، وقاص اور شفقت رسول نے گول سکور کئے۔ یہاں کھیلے گئے گروپ اے کے میچ میں دونوں ٹیموں کے درمیان زبردست مقابلہ دیکھنے کو آیا تاہم گرین شرٹس نے میچ کے شروع سے آخر تک عمدہ کھیل پیش کیا اور 4-1 گول سے فتح اپنے نام کی۔ کھیل کے پہلے ہاف میں ملائیشین کھلاڑی نے گول کر کے ٹیم کو گرین شرٹس کے خلاف 1-0 گول کی برتری دلائی، 33 ویں منٹ میں پاکستان کے زبیر نے گول کر کے مقابلہ 1-1 گول سے برابر کر دیا جو پہلے ہاف کے اختتام تک برقرار رہا، دوسرے ہاف میں گرین شرٹس نے حریف ٹیم پر شروع سے آخر تک دباﺅ برقرار رکھا، دلبر نے ٹیم کی طرف سے دوسرا گول کر کے گرین شرٹس کو میزبان ٹیم کے خلاف 2-1 گول کی برتری دلا دی، 60 ویں منٹ میں وقاص نے گول کر کے سکور 3-1 گول کر دیا، سات منٹ بعد شفقت نے شاندار گول کر کے مقابلہ 4-1 گول کر دیا، ملائیشین ٹیم کو دوسرے ہاف میں چار پنلٹی کارنرز ملے لیکن پاکستانی گول کیپر نے اسے کامیاب نہ ہونے دیا۔ شکیل عباسی کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ نوائے وقت رپورٹ، اے پی پی، اے این این، آئی این پی، این این آئی کے مطابق پاکستان نے میزبان ملائیشیا کو ایک کے مقابلے میں 4 گول سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا۔

مزیدخبریں