اسلام آباد/ لندن (اے این این+اے پی پی) افغانستان کے صدر حامد کرزئی طالبان کیساتھ مفاہمتی عمل کی کامیابی کو یقینی بنانے کیلئے پاکستانی قیادت کے ساتھ اہم مشاورت کے سلسلے میں ایک اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ ایک روزہ دورے پر آج اسلام آباد پہنچیں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وہ صدر زرداری، وزیراعظم نوازشریف اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقات کریں گے۔ ملاقاتوں میں دہشت گردی کیخلاف جنگ اور خطے میں امن و سلامتی کے معاملات پر بھی غور ہوگا۔ دریں اثناء افغانستان کے صدر حامد کرزئی نے کہا ہے کہ وہ آج اپنے دورہ پاکستان کے دوران پاکستانی حکام کو خطے میں تشددکی کارروائیوں کے خاتمے کے حوالے سے افغانستان کے ساتھ مخلصانہ تعاون کےلئے قائل کر نے کی کوشش کریں گے۔ افغانستان کی علماءکونسل نے توقع ظاہرکی ہے کہ صدر کرزئی کے دورہ پاکستان کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔ افغان صدرکے دفترسے جاری ایک بیان میں کہا گیاکہ کرزئی سے افغان علماءکونسل کے سربراہ اور دیگر ارکان نے ملاقات کی۔ صدر کرزئی نے کہاکہ دورہ پاکستان کے دوران پاکستانی حکام کو خطے میں تشدد کے خاتمے کیلئے افغانستان سے مخلصانہ تعاون پر قائل کریں گے۔ دریں اثناءپاکستان اور افغانستان نے مواصلات، ریلویز، افغان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدہ اور بجلی کے شعبوں میں تعاون کا تفصیلی جائزہ لیا ہے۔ اس سلسلہ میں گزشتہ روز افغانستان کے وزیر خزانہ ڈاکٹر حضرت عمر زخیل وال اور پاکستان کے وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے اپنے وفود کے ہمراہ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دینے کیلئے بات چیت کی۔