نوازشریف مرسی حکومت کی بحالی کے لئے سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کریں: منور حسن

Aug 26, 2013

لاہور( خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی کے امیر سید منور حسن نے کہا ہے کہ امریکی و اسرائیلی سرپرستی میں مصری فوج کی درندگی اور بربریت نے پوری دنیا میںا نسانیت کو کچلنے کے نئے طریقے متعارف کروائے ہیں۔ نوازشریف نے صرف ایک بیان دینے کے بعد عالمی استعمار کے خوف سے چپ سادھ لی ہے انہیں کھل کر ڈاکٹر محمد مرسی کی حکومت کی بحالی اور مصر میں جاری قتل عام کو رکوانے کے لیے سلامتی کونسل کا فوری اجلاس بلانے کا مطالبہ کرنا چاہیے۔ اگر مسلم حکمران فوجی آمریت کا راستہ روکنا چاہتے ہیں تو وہ مصری فوج کے خلاف سخت ردعمل کا اظہار اور احتجاج کریں ورنہ مشرف، ایوب خان اور سیسی پیدا ہوتے رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ناصر باغ میں مصری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے نکالی گئی خواتین کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ریلی کی قیادت عافیہ سرور ، حمیرا طارق ، زبیدہ جبیں، گلفرین نواز اور ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی نے کی جبکہ میاں مقصود احمد، ڈاکٹر فرید پراچہ بھی موجود تھے۔ سید منور حسن نے کہاکہ یہ غلبہ اسلام کی تحریک ہے جسے عرب ممالک کے عوام نے اپنے خون سے سینچا ہے۔ عالم عرب کے حکمرانوں کو عرب بہار کے راستے میں روڑے اٹکانے اور اس سے خوفزدہ ہونے کی بجائے آگے بڑھ کر اس کا ساتھ دینا چاہیے۔ نہوں نے کہاکہ اگر عالمی برادری نے فوری طور پر اس المیے اور انسانیت پر ظلم و جبر اور ریاستی دہشتگردی کا نوٹس نہ لیا اور سلامتی کونسل کا اجلاس بلا کر اس قتل عام کو روکنے کی کوشش نہ کی تو یہ انتہائی خطرناک صورت اختیار کرسکتا ہے۔

مزیدخبریں