لاہور (خصوصی نامہ نگار)بھارت کے ساتھ برابری کی سطح پر تعلقات قائم کئے جائیں اور مسئلہ کشمیر اور پانی کی تقسیم کے حوالے سے دو ٹوک موقف اختیار کیا جائے، ملک کی سا لمیت، خودمختاری کو نقصان پہنچانے اور لائن آف کنٹرول پر فائر بندی کے قوانین کی مسلسل خلاف ورزی کرنےو الے بھارت سے خیر کی توقع نہیں کی جا سکتی۔ ان خیالات کا اظہارجماعت اہل حدیث پاکستان کے سیکرٹری اطلاعات مولانا شکیل الرحمن ناصر نے کیا۔ انہوںنے کہا کہ بھارت کی شر انگیز کارروائیاں ”بغل میں چھری منہ میں رام رام“ کے مترادف ہیں۔ ایک طرف تو وہ خطے میں امن اور دوستی کا خواہشمند ہے جبکہ دوسری طرف وہ آئے روز سرحدوں کی خلاف ورزی جیسی مذموم کارروائیوں میں مصروف ہے۔ کشمیر اور ہندوستان میں موجود مسلمانوں سے متعصبانہ رویہ انتہائی شرمناک فعل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال پاکستان میں آبی دہشت گردی کا بھی ذمہ دار پوری طرح بھارت ہی ہے۔ ہر سال معصوم بچوں اور خواتین سمیت سینکڑوں لوگوں کی اموات اور ہزاروں خاندانوں کو بے گھر کرنے کا ذمہ دار بھارت ہی ہے۔